پنجاب میں کرپشن کے الزامات : مریم نوازنے وفاقی وزیر سالک حسین کو قانونی بھیج دیا

قانونی نوٹس میں چوہدری سالک حسین، اینکر نعیم اشرف بٹ اور اے آر وائی انتظامیہ کو انٹرویو کے ذریعے مبینہ ہتک آمیز الزامات کی تشہیر اور نشر کرنے کا ذمے دار قرار دیا گیا

November 3, 2026 · اہم خبریں, قومی

مریم نواز نے چوہدری سالک کو ہتکِ عزت کا نوٹس بھیج دیا

مریم نواز نے چوہدری سالک کو ہتکِ عزت کا نوٹس بھیج دیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین، اے آر وائی نیوز کے اینکر نعیم اشرف بٹ اور اے آر وائی انتظامیہ کو مبینہ بے بنیاد اور ہتک آمیز الزامات نشر کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

قانونی نوٹس کے مطابق مریم نواز نے 2 نومبر 2026 کو اے آر وائی نیوز پر نشر ہونے والے چوہدری سالک حسین کے انٹرویو میں پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ کے خلاف کرپشن سے متعلق الزامات پر اعتراض اٹھایا ہے۔

نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انٹرویو کے دوران اینکر نعیم اشرف بٹ نے پنجاب میں مبینہ کرپشن کے معاملے کو متعارف کرواتے ہوئے گفتگو کا آغاز کیا، جس کے بعد چوہدری سالک حسین نے صوبائی حکومت کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے۔

قانونی نوٹس میں چوہدری سالک حسین کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق باتیں سننے اور کرپشن کی فائلوں سے الماریاں بھری ہونے کا دعویٰ کیا، تاہم ان الزامات کے حق میں کوئی مستند ثبوت پیش نہیں کیا۔

نوٹس کے مطابق چوہدری سالک حسین نے خود اعتراف کیا کہ ان کے پاس الزامات ثابت کرنے کے لیے شواہد موجود نہیں، اس کے باوجود انہوں نے پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے عمومی اور سنگین دعوے کیے، جن سے عوام میں یہ تاثر پیدا ہوا کہ صوبائی انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر کرپشن موجود ہے۔

قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر جیسے اہم عہدے پر فائز شخص سے ذمہ دارانہ گفتگو کی توقع کی جاتی ہے اور محض سنی سنائی باتوں کو حقیقت بنا کر پیش کرنا مناسب نہیں۔ نوٹس میں الزام عائد کیا گیا کہ انٹرویو کے دوران اینکر نے بھی الزامات کی تصدیق کے لیے شواہد طلب نہیں کیے اور نہ ہی ان کے ذرائع کے بارے میں وضاحت حاصل کی۔

مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مذکورہ بیانات سے پنجاب حکومت کی ساکھ اور عوامی اعتماد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ سیاسی تنقید اور حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھانا ہر کسی کا حق ہے، تاہم اس حق کو بے بنیاد الزامات پھیلانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

قانونی نوٹس میں چوہدری سالک حسین، اینکر نعیم اشرف بٹ اور اے آر وائی انتظامیہ کو انٹرویو کے ذریعے مبینہ ہتک آمیز الزامات کی تشہیر اور نشر کرنے کا ذمے دار قرار دیا گیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں