یورپ میں چار مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں، ہنگامی لینڈنگ

سیکیورٹی رسک پیدا ہوگیا، متعدد پروازوں کی تلاشی، کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔

November 3, 2026 · اہم خبریں

یورپی ممالک میں بم کی دھمکیوں کے بعد مسافر طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ کے مناظر۔

یورپی ممالک میں بم کی دھمکیوں کے بعد مسافر طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ کے مناظر۔

یورپ کے 3 ممالک میں 4 مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں ملنے پر ہنگامی لینڈنگ کرانا پڑی ہے، جن میں برطانیہ سے روانہ ہونے والی 2 پروازیں بھی شامل ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کی صبح پولینڈ، اسپین اور بلغاریہ کے ہوائی اڈوں پر شدید سیکیورٹی رسک کے باعث ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔

لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے سے وارسا جانے والی پولش ایئرلائنز کی پرواز میں 181 افراد سوار تھے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق طیارے کو دھماکہ خیز مواد کی اطلاع ملنے پر اسے وارسا موڈلن ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا۔ اسی طرح مانچسٹر سے اسپین کے شہر مرسیا پہنچنے والی ریان ایئر کی پرواز میں 114 مسافر سوار تھے، اور لینڈنگ کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل ٹیموں نے فوری طور پر طیارے کا مکمل معائنہ کیا۔

تیسری پرواز کوپن ہیگن سے پولینڈ آرہی تھی جسے بم کی دھمکی ملنے پر وارسا کے چوپن ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔ علاوہ ازیں بم کی اطلاع پر اسرائیل سے بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ پہنچنے والے طیارے کی بھی تفصیلی تلاشی لی گئی۔ متعلقہ حکام نے چاروں طیاروں کی گہرائی سے جانچ پڑتال شروع کردی ہے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی بھی طیارے سے کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا اور نہ ہی کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع ملی ہے۔

یاد رہے کہ اس واقعے سے ایک روز قبل لندن سے صوفیہ جانے والی وز ایئر کی پرواز کو بھی بم کی دھمکی ملنے پر ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں اتارا گیا تھا، اور اس طیارے کو ہنگری کے لڑاکا طیارے نے فضائی تحفظ بھی فراہم کیا تھا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں