سری نگر/ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی نائب صدر رام مادھو نے منگل کو کہا کہ نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ ’ہمارے لوگوں‘ کی سرپرستی میں ریلی منعقد کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر میں برسراقتدار نیشنل کانفرنس واضح طور پر اندرونی اختلافات کا شکار ہے، تاہم بی جے پی کا پارٹی کے اندرونی معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سری نگر کے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ نے منگل کو بڈگام میں اپنے والد آغا سید مہدی کی 26ویں برسی کے موقع پر منعقدہ ریلی کے دوران نیشنل کانفرنس سے علیحدگی اور لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ ان کے والد کو سال 2000 میں قتل کر دیا گیا تھا۔
رام مادھو نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’میں اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہوں گا، تاہم نیشنل کانفرنس آج واضح طور پر تقسیم نظر آ رہی ہے۔ روح اللہ آج ہمارے لوگوں کی سرپرستی میں ریلی منعقد کر رہے ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ رام مادھو 2015-16 میں جموں و کشمیر میں پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت کے قیام میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔
رام مادھو ایک روزہ دورے پر جموں پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے تریکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ بند کمرہ اجلاس بھی منعقد کیا۔
ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے حالیہ کابینہ میں توسیع کے بعد نیشنل کانفرنس کے ارکان اسمبلی کے درمیان بڑھتی ہوئی ناراضگی اور اختلافات کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
تاہم رام مادھو نے نیشنل کانفرنس کے اندرونی معاملات سے بی جے پی کو الگ رکھتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے دیے گئے بیانات کو پارٹی کا باضابطہ مؤقف نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments