سرینگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جنوبی ضلع کولگام اور جموں خطے کے ضلع کشتواڑ میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت اور دہلی میں بیٹھے ان حلقوں کو آڑے ہاتھوں لیا جو جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کے مکمل خاتمے کے دعوے کرتے رہتے ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے سربراہ نے کہا کہ خطے میں مسلسل پیش آنے والے تشدد کے واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ حالات ابھی مکمل طور پر معمول پر نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہامجھے اس بات کا بے حد افسوس ہے کہ جو لوگ دہلی میں بیٹھ کر یہ دعوے کرتے رہتے ہیں کہ جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی ختم ہو چکی ہے، انہیں زمینی حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے اور یہ یاد رکھنا چاہیے کہ یہ مسئلہ اب بھی موجود ہے۔ ہمیں محض دعوؤں کے بجائے ملی ٹینسی کو جڑ سے ختم کرنے کے عملی راستے تلاش کرنے ہوں گے۔
خطے کی سیکورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ اس طرح کے حملوں کا تسلسل تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات اب بھی پیش آ رہے ہیں اور کوئی نہیں جانتا کہ اگلا حملہ کہاں ہو جائے۔
اس کے ساتھ ہی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے تشدد کا راستہ اختیار کرنے والے عناصر کو بھی سخت اور واضح پیغام دیا کہ بندوق کے زور پر کوئی مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہامیں یہ واضح کرنا چاہوں گا کہ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ملی ٹینسی کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ اگر وہ (حملہ آور) یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے کر کے وہ کشمیر پر قبضہ کر سکتے ہیں، تو انہیں اپنی اس غلط فہمی کو فوری طور پر دور کر لینا چاہیے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments