خلیج بنگال میں کم دباؤ کا حلقہ بننے کا امکان، کشمیر اور انڈمان نکوبار جزائر میں شدید بارش کی وارننگ: آئی ایم ڈی

نئی دہلی/ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعرات کو پیش گوئی کی ہے کہ 15 نومبر کے آس پاس جنوب مشرقی خلیج بنگال میں کم دباؤ کا حلقہ بن سکتا ہے۔اس کے اثر سے انڈمان و نکوبار جزائر اور مغربی ہمالیائی خطے کے بعض حصوں میں شدید بارش اور آندھی طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ہریانہ، چندی گڑھ اور دہلی میں آئندہ سات دنوں تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی کے صبح جاری بلیٹن کے مطابق، جنوبی انڈمان سمندر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بالائی فضا میں موجود گردابی حلقہ کے باعث 13 نومبر کے آس پاس جنوب مشرقی خلیج بنگال میں کم دباؤ کا حلقہ بننے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، یہ نظام شمال مغرب کی سمت بڑھ سکتا ہے اور 14 نومبر کے آس پاس زیادہ واضح کم دباؤ کے حلقہ میں تبدیل ہونے کی توقع ہے۔ اس کے بعد 15 نومبر کے آس پاس اس نظام کے مزید منظم ہونے کا امکان ہے۔ جمعرات کی صبح ساڑھے پانچ بجے جنوبی انڈمان سمندر کے اوپر گردابی حلقہ موجود تھی، جو درمیانی فضائی سطح تک پھیلی ہوئی تھی۔
اس موسمی نظام کے باعث انڈمان سمندر اور خلیج بنگال کے آس پاس کے علاقوں میں موسم خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ تیز ہواؤں کے سبب ماہی گیری اور سمندر سے متعلق دیگر سرگرمیوں کے لیے خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔پیش گوئی کے مطابق 12 سے 16 نومبر کے درمیان انڈمان سمندر میں ہوا کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے، جو جھکڑوں کے ساتھ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
جنوب مشرقی خلیج بنگال کے بعض حصوں میں بھی 14 سے 16 نومبر کے درمیان ایسی ہی صورتحال رہنے کا امکان ہے۔ 16 نومبر کو جنوب مشرقی اور اس سے ملحقہ مشرقی وسطی خلیج بنگال کے بعض علاقوں میں ہوا کی رفتار 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے، جو جھکڑوں کے ساتھ 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کے لیے انتباہ جاری کیا ہے۔ یہ انتباہ انڈمان سمندر کے لیے 16 نومبر تک، جنوب مشرقی خلیج بنگال کے بعض حصوں کے لیے 13 سے 16 نومبر تک اور مشرقی وسطی خلیج بنگال سے ملحقہ علاقوں کے لیے 15 نومبر تک نافذ رہے گا۔12 سے 17 نومبر کے دوران انڈمان و نکوبار جزائر میں کافی وسیع سے وسیع پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ 12 سے 14 نومبر کے درمیان بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔12 سے 14 نومبر کے دوران جزائر میں گرج چمک کے ساتھ آندھی طوفان اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جو جھکڑوں کے ساتھ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔
آئی ایم ڈی کے مطابق شمال مغربی ہندوستان میں 12 اور 13 نومبر کو جموں و کشمیر اور لداخ میں کافی وسیع سے وسیع پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد 14 اور 15 نومبر کو بعض مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ 12 نومبر کو بعض علاقوں میں شدید بارش اور اولے پڑنے کا بھی امکان ہے، جبکہ 12 اور 13 نومبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ آندھی طوفان اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جو جھکڑوں کے ساتھ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں فضامیں مغربی ہلچل موجود ہے، جو سطح سمندر سے 3.1 سے 5.8 کلومیٹر کی بلندی پرگردابی حلقہ کی صورت میں قائم ہے۔ہماچل پردیش میں 12 اور 13 نومبر کو بعض مقامات پر بارش اور 14 نومبر کو کچھ علاقوں میں بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ 12 اور 13 نومبر کو بعض جگہوں پر گرج چمک کے ساتھ آندھی طوفان بھی آ سکتے ہیں۔اتراکھنڈ میں 12 سے 14 نومبر کے درمیان بعض مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔ پنجاب میں 12 اور 13 نومبر کو کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے، جس کے بعد 14 سے 18 نومبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
ہریانہ، چندی گڑھ اور دہلی میں 12 سے 18 نومبر تک، یعنی پورے سات روزہ پیش گوئی کے دوران موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ آئی ایم ڈی نے اس مدت کے دوران ہریانہ-چندی گڑھ-دہلی موسمی ذیلی خطے کے لیے کسی بڑی بارش یا موسم سے متعلق خصوصی وارننگ کا امکان ظاہر نہیں کیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں