وفاقی وزیر اطلاعات نے اسلام آباد اعلامیہ کی منظوری کو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اسلام آباد اعلامیہ کی منظوری کو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد ایک خوبصورت دارالحکومت ہے اور یہاں اسلام آباد اعلامیہ پر اتفاق رائے ہونا پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس اہم تقریب کی میزبانی کی اور اس حوالے سے میڈیا کو تفصیلی بریفنگ بھی دی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے آئندہ کے سفارتی اہداف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کا منتظر ہے، جس کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور اسلام آباد ایک بار پھر عالمی سرگرمیوں کا مرکز بننے جا رہا ہے۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ہمیشہ کثیرالجہتی عالمی فورمز میں شرکت کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وزیر اعظم نے حال ہی میں اٹلی میں منعقدہ ماحولیاتی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی، جبکہ ان کا دورۂ روس بھی بہت جلد متوقع ہے۔ عطاء اللہ تارڑ کے مطابق ان سرگرمیوں سے واضح ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی روابط اور بین الاقوامی مصروفیات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔