مسلمان رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر احمد طبی اسرائیلی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر منتخب

اسرائیلی پارلیمنٹ کے مسلمان ڈپٹی اسپیکر احمد طبی جو یاسر عرفات کے مشیر تھے ، حکمران اتحاد کی شدید مخالفت مسترد ، اپوزیشن کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کی

November 16, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

فائل فوٹو

فائل فوٹو

تل ابیب: سینئر فلسطینی نژاد اسرائیلی سیاست دان اور مسلم رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر احمد طبی کو اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کا ڈپٹی اسپیکر (نائب اسپیکر) منتخب کر لیا گیا ہے۔

اسرائیل میں 27 اکتوبر 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد 16 نومبر کو پارلیمنٹ کے نو ڈپٹی اسپیکرز کا انتخاب عمل میں آیا، جن میں احمد طبی بھی شامل ہیں۔ احمد طبی نے اس کامیابی کو اپنے سیاسی اتحاد جوائنٹ لسٹ کی فتح قرار دیا ہے جس نے حالیہ انتخابات میں گیارہ نشستیں حاصل کی ہیں۔

ڈیلی آبزرور کے مطابق اس انتخاب کے دوران پارلیمنٹ میں واضح تقسیم دیکھنے میں آئی۔ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے ڈپٹی اسپیکرز کی فہرست کے حق میں ووٹ دیا جبکہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے حکمران اتحاد نے خاص طور پر احمد طبی کی شمولیت پر اعتراض کرتے ہوئے مخالفت میں ووٹ ڈالا۔

انتخاب کے بعد الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے احمد طبی نے انکشاف کیا کہ حکمران جماعت لیکود اور وزیر قومی سلامتی ایتمار بن گویر نے ان کی تقرری کو روکنے کی بھرپور کوشش کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب جوائنٹ لسٹ اتحاد کو پارلیمنٹ کی تمام کمیٹیوں میں نمائندگی حاصل ہوگی۔

ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے سے ایک روز قبل، 15 نومبر کو احمد طبی نے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور ان کے قریبی ساتھیوں کے خلاف فوجداری تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ مطالبہ ایک تحقیقاتی رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ انتخابات کے روز نیتن یاہو کے دفتر کے اہلکاروں کی ایما پر ووٹوں کی خریداری کے شبہے میں عرب جماعت یونائیٹڈ عرب لسٹ کے تین کارکنوں کو گرفتار کروایا گیا تھا۔

احمد طبی کا تعارف اور سیاسی پس منظر

انیس دسمبر 1958 کو اسرائیل کے شہر طیبہ کے ایک عرب مسلم گھرانے میں پیدا ہونے والے احمد طبی پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں اور انہوں نے یروشلم کی عبرانی یونیورسٹی سے میڈیسن کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ماہرِ امراضِ نسواں کے طور پر خدمات انجام دیں۔ یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے ریکارڈ کے مطابق وہ 1993 سے 1999 تک مرحوم فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے خصوصی سیاسی مشیر بھی رہے۔

کنیسٹ کی سرکاری دستاویزات کے مطابق احمد طبی ‘عرب موومنٹ فار رینیوئل’ (تاعل) پارٹی کے بانی ہیں اور جون 1999 سے مسلسل اسرائیلی پارلیمنٹ کے رکن چلے آ رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل 2006 سے 2022 کے درمیان بھی متعدد بار ڈپٹی اسپیکر کے فرائض انجام دے چکے ہیں اور اسرائیل میں عرب شہریوں کے مساوی حقوق اور دو ریاستی حل کے پرزور حامی سمجھے جاتے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں