رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس میں 157 فیصد اضافہ

وزارت اقتصادی امور کی رپورٹ، مجموعی حجم 5 ارب 89 کروڑ ڈالر رہا۔

November 18, 2026 · اہم خبریں

رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس میں 157 فیصد اضافہ

رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس میں 157 فیصد اضافہ

رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران پاکستان کے غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس میں 157 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2026 تک کے دوران پاکستان کو غیر ملکی مالی معاونت کی مد میں مجموعی طور پر 5 ارب 89 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔

وزارت اقتصادی امور کے اعداد و شمار کے مطابق اس 4 ماہ کی مدت میں حکومت نے 5 ارب 85 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے، جبکہ اسی دوران 3 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کی گرانٹس موصول ہوئیں۔ صرف ماہ اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان کو غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر 44 کروڑ 15 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران 1637 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے گئے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 988 ارب روپے زیادہ ہیں۔

دستاویز کے مطابق پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 3 ارب ڈالر کے نئے بانڈز بھی جاری کیے۔ ان میں سے ایک ارب 75 کروڑ ڈالر کے بانڈز پر شرح منافع 7.5 فیصد مقرر کی گئی ہے، جن کی میچورٹی 2032 میں ہوگی جبکہ ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کے بانڈز پر 7.9 فیصد شرح منافع ادا کیا جائے گا جو 2036 میں میچور ہوں گے۔ ان بانڈز سے حاصل ہونے والی رقم کو بجٹ سپورٹ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق کثیر القومی اور دو طرفہ مالیاتی اداروں سے ملنے والی معاونت میں عالمی بینک کے آئی ڈی اے پروگرام کے تحت 42 کروڑ 75 لاکھ ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 17 کروڑ ڈالر، اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 2 کروڑ 76 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔ اس کے علاوہ اسلامی ترقیاتی بینک نے 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ شارٹ ٹرم فنانسنگ کی مد میں مزید 23 کروڑ 84 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔ دوطرفہ تعاون کے تحت چین سے 30 کروڑ 55 لاکھ ڈالر کے ضمانتی قرضے، سعودی عرب سے ایک کروڑ 41 لاکھ ڈالر، فرانس سے 2 کروڑ ڈالر اور جرمنی سے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت حاصل ہوئی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں