لندن : نو سال قبل اربوں ڈالر کا تاریخی فراڈ کرکے غائب ہونے والی ’کرپٹو کوئن‘ آج تک ایف بی آئی کیلیے چھلاوہ بنی ہوئی۔
جعلی کرپٹو کرنسی ون کوائن کے ذریعے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں سے اربوں ڈالر کا مبینہ فراڈ کرنے والی خاتون روجا اگناتووا ایک بار پھر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے ’کرپٹو کوئن‘ کے نام سے مشہور ملزمہ روجا اگناتووا کی گرفتاری میں مدد دینے والے شخص کے لیے ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔
روجا اگناتووا پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دنیا بھر کے لاکھوں افراد کو جعلی ڈیجیٹل کرنسی میں سرمایہ کاری کے نام پر دھوکا دیا اور اربوں ڈالر بٹور لیے۔
ایف بی آئی کے مطابق ملزمہ کرپٹو کرنسی کے ایک بڑے مالیاتی فراڈ کی مبینہ مرکزی کردار ہے۔ یورپی یونین کے قانون نافذ کرنے والے ادارے یورو پول نے بھی اسے اپنی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا تھا، تاہم بعد ازاں اس کا نام نامعلوم وجوہات کی بنا پر فہرست سے نکال دیا گیا۔
روجا اگناتووا کون ہے ؟
جرمن شہریت رکھنے والی اور بلغاریہ میں مقیم روجا اگناتووا نے 2014 میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ ون کوائن نامی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرائی تھی، اس منصوبے کو بٹ کوائن کا متبادل اور مستقبل کی بڑی ورچوئل کرنسی قرار دے کر پیش کیا گیا۔
اس کمپنی نے دعویٰ کیا تھا کہ 2016 کے اختتام تک دنیا بھر میں اس کے ارکان کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کرچکی تھی۔
تاہم تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ون کوائن درحقیقت بٹ کوائن کی طرح کسی عوامی، محفوظ اور غیر مرکزی بلاک چین ٹیکنالوجی پر مبنی نہیں تھی۔
بلغاریہ میں قائم کمپنی ون کوائن لمیٹڈ کا دعویٰ تھا کہ اس کے پاس اپنا نجی بلاک چین موجود ہے لیکن امریکی حکام کے مطابق اس ڈیجیٹل کرنسی کی کوئی حقیقی مالیاتی قدر نہیں تھی اور نہ ہی اسے عام کرنسی کی طرح اشیا اور خدمات کی خریداری کے لیے استعمال کیا جاسکتا تھا۔
امریکی حکام نے اس منصوبے کو تاریخ کی بڑی پونزی اور اہرامی طرز کی مالیاتی فراڈ اسکیموں میں سے ایک قرار دیا تھا۔
اس منصوبے میں ملٹی لیول مارکیٹنگ (ایم ایل ایم) کا طریقہ اختیار کیا گیا تھا، جس کے تحت ابتدائی سرمایہ کاروں کو مزید افراد شامل کرنے کی ترغیب دی جاتی اور بعد میں آنے والے سرمایہ کاروں کی رقم سے پہلے سرمایہ لگانے والوں کو ادائیگیاں کی جاتی تھیں، یوں نئے سرمایہ کاروں کی آمد سے یہ نظام چلتا رہا۔
The #FBI has named Ruja Ignatova to its Ten Most Wanted Fugitives List. She is wanted for her alleged participation in a large-scale fraud scheme involving cryptocurrency. Up to $100,000 reward offered for info leading to her arrest: https://t.co/oU7EKYqaCi https://t.co/tJ8co8aqx0
— FBI Most Wanted (@FBIMostWanted)
ملزمہ سال 2017 میں اچانک غائب
روجا اگناتووا اکتوبر 2017 میں اس وقت اچانک منظرعام سے غائب ہوگئی جب اسے شبہ ہوا کہ امریکی حکام ون کوائن کے خلاف تحقیقات شروع کرچکے ہیں۔
ایف بی آئی کے مطابق تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ اسے امریکی اور بین الاقوامی حکام کی تحقیقات سے متعلق پہلے ہی اطلاع مل گئی تھی۔ وہ 25 اکتوبر 2017 کو بلغاریہ کے شہر صوفیہ سے یونان کے دارالحکومت ایتھنز روانہ ہوئی، جس کے بعد سے اسے عوامی سطح پر کبھی نہیں دیکھا گیا۔
امریکی حکام نے 2019 میں اس کے خلاف وائر فراڈ، منی لانڈرنگ اور سیکیورٹیز فراڈ کے الزامات عائد کیے تھے۔
اس کی گمشدگی اور مبینہ مالیاتی فراڈ پر بی بی سی نے ’دی مسنگ کرپٹو کوئن‘ کے نام سے ایک مقبول پوڈ کاسٹ بھی نشر کیا، جس میں اس پورے معاملے کی تفصیلات سامنے لائی گئیں۔
فراڈ میں کون کون ملوث تھا؟
ون کوائن اسکینڈل میں روجا اگناتووا کے متعدد مبینہ ساتھی بھی ملوث پائے گئے، جن میں کمپنی کے شریک بانی سیباسٹین گرین ووڈ بھی شامل ہیں۔ جسے 2018 میں تھائی لینڈ سے گرفتار کرکے امریکا کے حوالے کیا گیا تھا، جہاں وہ عدالتی کارروائی کا سامنا کرتا رہا۔
روجا کے چھوٹے بھائی کونسٹنٹین اگناتووا کو مارچ 2019 میں لاس اینجلس سے گرفتار کیا گیا تھا۔ جس کے بعد اس نے فراڈ اور منی لانڈرنگ کے الزامات قبول کرلیے تھے۔
اسی طرح سابق کارپوریٹ وکیل مارک اسکاٹ کو نومبر 2019 میں اس گروپ کے لیے تقریباً 40 کروڑ ڈالر کی منی لانڈرنگ کے جرم میں سزا سنائی گئی۔ اس مقصد کے لیے جعلی کمپنیوں، بیرون ملک بینک اکاؤنٹس اور سرمایہ کاری فنڈز کا نیٹ ورک استعمال کیا گیا تھا۔
اس اسکینڈل سے تعلق رکھنے والے ایک اور شخص ڈیوڈ پائیک نے بھی بینک فراڈ کا جرم قبول کیا، جس کے بعد مارچ میں اسے دو سال پروبیشن کی سزا سنائی گئی۔
روجا اگناتووا کی مسلسل گمشدگی اور اربوں ڈالر کے مبینہ فراڈ نے اس معاملے کو دنیا کے بڑے مالیاتی اسکینڈلز میں شامل کردیا ہے، جبکہ ان کی موجودہ جائے موجودگی اور سرمایہ کاروں کی رقم کی مکمل تفصیلات تاحال ایک معمہ بنی ہوئی ہیں۔