ہوا میں تیرتا جہاز؟ ویڈیو نے لوگوں کو حیران کردیا

یو اے ای کی ریاست عجمان کے ساحل کے قریب کارگو جہاز اس وقت آن لائن بحث کا موضوع بن گیا جب سامنے آنے والی فوٹیج میں اسے سمندر کی سطح سے اوپر تیرتا ہوا دکھایا گیا۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق  یہ غیر معمولی منظر نہ تو کوئی اڑنے والا جہاز ہے اور نہ ہی کوئی کیمرہ ٹرک  بلکہ یہ ایک قدرتی بصری دھوکہ ہے جسے ‘سپیریئر میراژ’  کہا جاتا ہے یہ ماحول کی ان مخصوص کیفیات کی وجہ سے ہوتا ہے جو روشنی کو موڑ دیتی ہیں اس عمل سے دور موجود اشیاء کی ظاہری پوزیشن تبدیل ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے جہاز سمندر کی سطح سے اوپر معلق دکھائی دیتا ہے۔

دبئی میں مقیم فوٹوگرافر جسیل پیرالاسری کی بنائی گئی یہ فوٹیج سوشل میڈیا پر چھا گئی ہے جسے محض 20 گھنٹوں میں 31 ملین (3 کروڑ 10 لاکھ) بار دیکھا گیا اور تقریباً 15 لاکھ (1.5 ملین) لوگوں نے اسے پسند (لائک) کیا۔

فوٹیج میں عجمان کے ساحل کے قریب ایک بڑا کارگو جہاز نظر آتا ہے جس کا طویل ڈیک اور سفید بالائی ڈھانچہ نیلے سمندر کے پس منظر میں واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے، جہاز کے نچلے حصے کے نیچے گہرے رنگ کے پانی کی ایک پٹی ایسا تاثر پیدا کرتی ہے جیسے جہاز سمندر کی سطح سے اوپر معلق ہو۔

تصویر کے دائیں جانب پتھریلا ساحل ہے جبکہ سامنے کی طرف پانی میں ہلکی لہریں دیکھی جا سکتی ہیں جیسے جیسے کیمرہ زوم ان (قریب) ہوتا ہے جہاز اور پانی کے درمیان نظر آنے والا خلا مزید نمایاں ہو جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ‘سپیریئر میراژ’ اس وقت رونما ہوتا ہے جب ہوا کی مختلف تہوں کے درمیان درجہ حرارت کا فرق روشنی کو فضا میں سفر کرتے ہوئے موڑ دیتا ہے اس سے دور موجود اشیاء کی ظاہری پوزیشن تبدیل ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے جہاز اپنی اصل جگہ سے کہیں زیادہ اونچا دکھائی دیتا ہے اور بعض اوقات ایسا تاثر ملتا ہے جیسے وہ افق کے اوپر تیر رہا ہو۔

یہ قدرتی مظہر جہازوں، ساحلی پٹیوں اور دیگر دور کی اشیاء کی ظاہری پوزیشن کو کھینچ سکتا ہے، مسخ کر سکتا ہے یا اپنی جگہ سے ہٹا کر دکھا سکتا ہے۔

حقیقت میں کارگو جہاز پانی پر ہی موجود ہوتا ہے، لیکن ماحول کی کیفیات ایک ایسا بصری دھوکہ پیدا کرتی ہیں جس سے لگتا ہے کہ وہ سمندر کی سطح سے اوپر معلق ہے۔

پیرالاسری نے بتایا کہ انہوں نے یہ غیر معمولی منظر بس یونہی (اتفاقاً) ریکارڈ کر لیا تھا اور اسے آن لائن پوسٹ کر دیا انہیں ہرگز اندازہ نہیں تھا کہ اس پر ایسا ردعمل آئے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں