یمن کے ساحل کے قریب مسلح افراد کے قبضے میں جانے والا مال بردار جہاز بازیاب


برطانیہ کے بحری نگرانی کے ادارے نے تصدیق کی ہے کہ مال بردار جہاز پر قبضہ کرنے والے مسلح افراد چلے گئے ہیں اور عملہ محفوظ ہے۔ جہاز اب اپنے اگلے پڑاؤ کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔


شائع

فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

برطانیہ کے بحری نگرانی کے ادارے نے کہا ہے کہ یمن کے ساحل کے قریب ایک مال بردار جہاز پر سوار ہو کر اس پر قبضہ کرنے والے مسلح افراد جہاز چھوڑ کر چلے گئے ہیں اور اس کا عملہ محفوظ ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی (یو کے ایم ٹی او) کا کہنا ہے کہ جہاز اب اپنے اگلے پڑاؤ کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔

برطانوی بحریہ سے منسلک ایجنسی نے بتایا کہ جہاز کے کپتان نے اس سے قبل اطلاع دی تھی کہ ہفتے کو 6 بجکر 30 منٹ پر یمن کے ساحلی قصبے بلحاف سے تقریباً 64 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں مسلح افراد مال بردار جہاز پر سوار ہوئے اور اس کا کنٹرول سنبھال لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران یمن کے ساحل کے قریب سمندری حدود میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔ ان میں واقعات میں اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں یمن کے حوثی باغیوں کے تجارتی جہازوں پر حملے بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ خلیجِ عدن اور صومالیہ کے قریب سمندری علاقوں میں قزاقی اور ڈکیٹی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ہفتے کو پیش آئے واقعے کے پیچھے کون ملوث تھا، یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا ہے۔

یو کے ایم ٹی او کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر جہازوں کو احتیاط سے سفر کرنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب یورپی یونین کے بحری مشن نے بھی ہفتے کو اسی علاقے میں بحری قزاقی کے ایک واقعے کی اطلاع دی تھی۔ لیکن فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوکا کہ آیا یہ وہی واقعہ تھا یا نہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں