شائع
پاکستان کے نوجوان فائٹر محمد جواد نے آذربائیجان میں جاری ورلڈ مکسڈ مارشل آرٹس اینڈ پینکریشن چیمپئن شپ میں انڈر 15 کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔
باکو میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کے محمد جواد نے روس، قازقستان اور میزبان آذربائیجان کے فائٹرز کو شکست دے کر انڈر 15 پینکریشن کیٹیگری میں طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
نوجوان پاکستانی فائٹر محمد جواد اس سے قبل بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ رواں برس ہی انہوں نے انڈر 16 ایشین چیمپیئن بننے کا بڑا اعزاز حاصل کیا تھا، جس کے بعد اب عالمی ٹائٹل جیت کر انہوں نے اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔
ورلڈ چیمپئن شپ میں دنیا کے تقریباً 35 ممالک کے ایک ہزار کھلاڑی شریک ہیں، پاکستان کی نمائندگی محمد جواد، محمد عمر اور داؤد جان نے کی، تاہم ان میں سے محمد جواد گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے محمد جواد کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان میں کھیل کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا ہے۔
محمد جواد کی کامیابی پاکستان میں ایم ایم اے اور دیگر فائٹنگ کھیلوں کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی حوصلہ افزا ہے، جبکہ عالمی مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس کی شرکت ملک میں اس کھیل کی ترقی اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے امکانات کو اجاگر کرتی ہے۔
