بنگلہ دیش سے بگڑتے تعلقات، بھارتی ’بنارسی ساڑھیوں‘ کا کاروبار متاثر
ہندوؤں کا مقدس شہر بنارس اپنی دیدہ زیب بنارسی ساڑھیوں کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے، جہاں تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار ہنرمند یہ ساڑھیاں ہاتھ سے تیار کرتے ہیں۔
بھارت ہر سال تقریباً 9 ارب ڈالر مالیت کی ساڑھیاں برآمد کرتا ہے، جن میں بنارسی ساڑھیوں کا نمایاں حصہ شامل ہے۔ یہ مہنگی ساڑھیاں کئی ہزار سے لے کر ایک لاکھ روپے تک کی قیمت میں فروخت ہوتی ہیں۔
ماضی میں بنارسی ساڑھیاں بڑی تعداد میں بنگلہ دیش بھیجی جاتی تھیں، تاہم حسینہ واجد حکومت کے خاتمے اور دوطرفہ تعلقات میں کشیدگی کے بعد یہ سلسلہ رک گیا ہے۔
کام میں کمی کے باعث درجنوں کاریگر روزگار کے متبادل ذرائع اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، کئی ہنرمند رکشہ چلانے یا فیکٹریوں میں مزدوری کرنے لگے ہیں۔
یوں سیاسی عدم استحکام اور ناقص پالیسیوں نے نہ صرف دو ملکوں کے تعلقات متاثر کیے بلکہ بنارس کے ہنرمند طبقے کو بھی بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔