
شریف خاندان کو قطری خط ٗ کیلبری فونٹ اور جعل سازی پر جیل کی سزا ہونی چاہیے تھی ٗ ن لیگ چوری چھپا رہی ہے
شہباز شریف کا حل بھی ’’مجھے کیوں نکالا‘‘والا ہوگا ٗ جمہوریت پر حملے کئے جارہے ہیں ٗ عمران خان کی پریس کانفرنس
اسلام آباد( نیوز ایجنسی) سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحریک انصاف نے جشن منانے کا اعلان کردیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی جمہوریت اور آئین پر حملہ ہورہا ہے، نواز شریف کی کوشش ہے عدلیہ پر حملے سے فیصلوں سے خود کو بچائیں، نواز شریف سپریم کورٹ پر حملے کیلئے عوام کا سہارا لے رہا ہے، جتنے لوگ انہوں نے جلسوں میں نکالے اس سے زیادہ لوگ اسلام آباد میں اکٹھے کروں گا، چاہیں گے کہ نگران سیٹ اپ میں ہم سے بھی مشاورت کی جائے، شریف خاندان کو قطری خط، کیلبری فونٹ اور جعل سازی پر جیل ہونی چاہیے تھی، ملک میں طاقتور کیلئے الگ قانون ہے اور غریب مجرم جیل میں بند ہے، شہباز شریف کا بھی حال ’’مجھے کیو نکالا’’ والا ہوگا، ادارے ٹھیک ہوتے تو نیب نواز شریف کو پکڑ چکا ہوتا، بدھ کو عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت اور آئین پر حملہ ہورہا ہے، ایک کرپٹ آدمی اربوں روپے کی چوری میں پکڑا گیا ہے اور پھر ایک ثبوت قطری خط دیا جو کہ فراڈ ہے، پانامہ میں 2 فیز فلیٹس کیلئے پیسہ کہاں سے آیا؟ نواز شریف کی ذمہ داری تھی کہ وہ بتاتا، پاکستان کے ساتھ وہ کیا جارہا ہے جو دشمن بھی نہیں کرسکتا، ادارے تباہ ہوجائیں تو وہ تھرڈ ورلڈ ملک بن جاتا ہے، نواز شریف پیسہ لوٹ کر ملک سے باہر لے گئے، ایف بی آر ٹیکس چوری میں ان کی مدد کرتا ہے، سمدھی کووزیر خزانہ بنادیا جو منی لانڈرنگ میں مدد کرتا تھا، پاکستان کا وزیر خارجہ دبئی کی کمپنی سے تنخواہ لے رہا ہے، ایف بی آر، پولیس سب ان کی مدد کررہے ہیں، (ن) لیگ اپنے وزیراعظم کی چوری چھپارہی ہے، ملک کا وزیر اعظم خود وزیر خزانہ کو ملک سے باہر بھگاتا ہے، ملک کا وزیراعظم ایل این جی میں پھنسا ہوا ہے ، آصف زرداری کے 6 ارب روپے سوئس بینک میں پڑے تھے، عدالت زرداری کا پیسہ لانے کی بات کرتی تو نواز شریف خوش ہوتے تھے۔