
لوگ چاہتے ہیں کہ میں سیاست میں آئو
حلال کمائی سے پاکستان میں ایم این اے نہیں بنا جاسکتا
نئے ابھرنے والے سیاست دانوں کی تربیت کرنا چاہتی ہوں
کتاب کی رونمائی کیلئے لندن آئی ہوں، بی بی سی کو انٹرویو
لندن(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے مجھے بری طرح استعمال کیا۔ لندن میں بی بی سی کو خصوصی انٹرویو میں سیاسی عزائم رکھنے کے حوالے سے ریحام خان نے کہا کہ پاکستان میں ایم این اے بننے کیلئے جتنی رقم کی ضرورت ہے وہ حلال کمائی سے نہیں آسکتی۔ میں ایسا سیاسی کردار چاہتی ہوں جہاں میں نئے ابھرنے والے سیاستدانوں کی تربیت کرسکوں تاکہ وہ اچھے سیاستدان بن سکیں۔ عمران خان کے اس بیان پر کہ ان کے مخالفین مجھے ان کیخلاف استعمال کررہے ہیں ریحام خان کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنی غلطیوں کی ذمہ داری لینی چاہیے اور اپنی کوتاہیوں کا الزام کسی دوسرے پر لگادینا بہت آسان ہے۔ کیا مجھے نواز شریف نے کہا تھا کہ میں عمران خان سے شادی کروں یا انہوں نے میری طلاق کرائی ہے۔ یہ کہنا کہ مجھے کوئی استعمال کرسکتا ہے میری تضحیک ہے بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ مجھ پر استعمال ہونے کا الزام لگانے والے عمران خان نے خود مجھے بری طرح استعمال کیا۔ ریحام خان نے کہا کہ میں اپنی کتاب کی رونمائی کیلئے لندن آئی ہوں اور سمجھتی ہوں کہ یہ کتاب کی اشاعت کا صحیح وقت ہے۔ یہ الیکشن کا سال ہے۔کچھ لوگ ووٹ دینے اور کچھ لینے جارہے ہیں لہٰذا ان سب کو سوچنے کا موقع ملے گا کہ پاکستان کی ضروریات کیا ہیں۔ مستقبل کیلئے کیا چیزیں کرنے کی ضرورت ہے اور لوگ کیا چاہتے ہیں۔