ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سندھ کی 17 سرکاری جامعات میں ڈائیریکٹر فنانس کی تقرریاں مکمل

حکومت سندھ نے کئی برس کے تعطل کے بعدصوبے کی 17سرکاری جامعات میں ڈائریکٹر فنانس، ٹریژرار کی تقرریاں کردی ہیں۔

صوبے کی 17 جامعات میں گزشتہ کئی برس سے ایڈہاک بنیادوں پر ڈائریکٹر فنانس تعینات تھے یا جونیئر افسران ڈائریکٹر فنانس کے عہدے پر کام کررہے تھے ان 17 سرکاری جامعات میں ڈائریکٹر فنانس کی تقرریاں ایسے موقع پر کی گئی ہیں جب سندھ کی کم از کم 4 سرکاری جامعات بدترین مالی خسارے کے سبب نجی بینکوں سے قرضے لے چکی ہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے کٹوتی کے بعد ایچ ای سی سرکاری جامعات کے بجٹ میں 10 فیصد تک کٹوتی کرچکی ہے جبکہ سندھ حکومت اب تک سرکاری جامعات کوفنڈزدینے میں ناکام ہے جس کے بعد خیال کیاجارہاہے کہ تعینات ہونے والے ان نئے افسران کو’’فنانشل منیجمنٹ‘‘کے سلسلے میں بدترین مسائل کاسامنارہے گا۔

ادھراشتہارمیں نام شامل نہ ہونے کے سبب اب بھی سندھ کی کم از کم 4 سرکاری جامعات ڈائریکٹرفنانس سے محروم رہیں گی۔ سندھ کی 17سرکاری جامعات میں ڈائریکٹرفنانس کی یہ تقرریاں ’’تلاش کمیٹی‘‘(سرچ کمیٹی) کی جانب سے انٹرویوزکے بعد موزوں امیدواروں کے وزیراعلیٰ سندھ کوبھجوائے گئے ناموں پرکی گئی ہیں ۔

یادرہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 30 ستمبر کو ڈائریکٹر فنانس کے لیے بھجوائے گئے 3,3 ناموں کے پینلز میں تمام متعلقہ جامعات میں ہرپینل میں شامل پہلے نام کی منظوری دی تھی۔

جس کے مطابق سندھ یونیورسٹی جامشورومیں سید زین العابدین شاہ،جامعہ کراچی میں طارق کلیم،زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں انیل کمار،شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں نثار احمد نورانی،لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسز جامشورو میں ندیم شکور جویری، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈسائنسز کراچی میں مجاہد علی شیخ،شہید محترمہ بینظیربھٹومیڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں فہد سلطان شیخ کو تعینات کیا گیا ہے۔

بینظیربھٹوشہید یونیورسٹی لیاری کراچی میں حاکم علی مہیسر ، یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز برائے خواتین شہید بینظیرآباد میں عبدالحفیظ صدیقی، بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ خیرپورمیں وقاص علی، سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کراچی میں آفتاب احمد خان،یونیورسٹی آف صوفی ازم اینڈ ماڈرن سائنسزبھٹ شاہ میں دین محمد،شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسزسکرنڈ میں منیراحمد سیہڑ کی تعیناتی کی گئی ہے۔

شہید ذوالفقارعلی بھٹویونیورسٹی آف لاء کراچی میں عامربشیر،داؤدیونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈٹیکنالوجی کراچی میں شیخ محمد شبیر، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی میں عادل رشیداورآئی بی اے سکھرمیں شعیب محمد شیخ کا تقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سرچ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ڈاؤمیڈیکل یونیورسٹی میں اس عہدے پر کام کرنے والے افسرندیم شکورجویری کولیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسز جامشورو اور سندھ یونیورسٹی جامشورومیں اس اسامی پر کام کرنے والے افسراور فیکلٹی رکن ڈاکٹرحاکم علی کولیاری یونیورسٹی کراچی میں تعینات کیاگیاہے۔

جبکہ لاء یونیورسٹی کراچی کے افسر عامر بشیر، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی کے افسرعادل رشیداورزرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے افسرانیل کمارکوان کی اپنی ہی جامعات میں تعینات کیاگیاہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں