ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ہندوستانی معیشت ڈانواڈول ہے:نوبل انعام حاصل کرنے والے بھارتی ماہر معیشت ابھجیت بنرجی

اسٹاک ہوم(ساؤتھ ایشین وائر)

2019 کا نوبل انعام جیتنے والے بھارتی ماہر معیشت ابھجیت بنرجی کا کہنا ہے کہ اس وقت ہندوستانی معیشت غیر مستحکم حالت میں ہے۔ ترقیات سے متعلق موجودہ اعداد و شمار دیکھنے کے بعد اس کے بارے میں پراعتماد نہیں ہوں کہ اس کا مستقبل قریب میں کیا اثر پڑنے والا ہے اور معیشت کی باز آبادکاری کس طرح ہوگی۔ساؤتھ ایشین وائرکے مطابق نوبل پرائز ڈاٹ او آر جی کو دیے گئے انٹرویو میں ابھجیت بنرجی نے کہا کہ موجودہ وقت میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کی معیشت میں جلد کوئی بہتری متوقع نہیں ۔
ساؤتھ ایشین وائرکے مطابق ابھجیت بنرجی نے نیوزی لینڈ کے ایک چینل سے بات چیت کے دوران بھی ہندوستانی معیشت کے بارے میں کہا کہ گزشتہ پانچ چھ سال میں ہم نے کچھ ترقی دیکھی تھی، لیکن اب یہ بھروسہ بھی جا چکا ہے۔
ساؤتھ ایشین وائرکے مطابق ابھجیت بنرجی نے ایک انکشاف کیا کہ اسٹاک ہوم سے جب انھیں فون آیا تو وہ گہری نیند میں تھے۔ ابھجیت نے کہا کہ وہ عام طور پر صبح جلدی اٹھنے کے عادی نہیں ہیں، لیکن خبر ملنے کے بعد ان کی نیند کھل گئی۔ انھوں نے کہا کہ نیند پوری نہ ہونے سے ان کے لیے دن بھر پریشانی ہو جاتی ہے، اس لیے انھوں نے دوبارہ سونے کی کوشش کی۔ مبارکباد دینے کے لیے آنے والے فون کی گھنٹیوں کے درمیان بھی وہ 40 منٹ مزید سو گئے۔
58 سالہ بنرجی نے نوبل انعام ملنے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے سوچا نہیں تھا کہ کیریر میں اتنی جلدی انھیں یہ عزت مل جائے گی۔ امریکہ میں میساچوئٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں معاشیات پڑھانے والے ابھجیت بنرجی نے کہا ”میں پچھلے 20 سالوں سے یہ ریسرچ کر رہا ہوں۔ میں نے غریبی کم کرنے کے لیے حل دینے کی کوشش کی ہے۔”
ابھجیت بنرجی نے ساتھ ہی کہا کہ یہ ایوارڈ ظاہر کرتا ہے کہ ہم اکثر فلاح کے لیے صرف باتیں کرتے ہیں، لیکن ایسے ایوارڈ کے لیے یہ ہمیشہ معنی نہیں رکھتا۔ ابھجیت بنرجی نے پرتھم اور سیوا مندر نامی دو این جی اوز کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ ان تنظیموں نے زمینی سطح پر کام کیا اور انھوں نے ان سے کافی کچھ سیکھا ہے۔ وہ اپنے ذاتی تجربے سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ تنظیمیں ہمارے لیے کافی اہم ہیں۔
ہندوستانی نژاد کے امریکی ماہر معیشت ابھجیت بنرجی اور ان کی بیوی ایستھر ڈفلو کو سال 2019 کے لیے معاشیات کے نوبل انعام کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان کے ساتھ ہی ماہر معیشت مائیکل کریمر کو بھی اس باوقار انعام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ تینوں کو مشترکہ طور پر یہ انعام دیا جائے گا۔ نوبل انعام کمیٹی نے کہا کہ تینوں ماہرین معیشت کو بین الاقوامی سطح پر غریبی کم کرنے کے ان کے تجرباتی نظریے کے لیے انعام دیا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں