سری نگر (ساؤتھ ایشین وائر):
مقبوضہ کشمیرمیں سرکاری ذرائع کے مطابق 27 اکتوبر سے 4 نومبر تک تمام مواصلاتی نظام کو پھر سے معطل کیا جائے گا۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق انتطامیہ کو خدشہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔اس دوران حکومت نے کئی موبائل فون کمپینز کو نوٹس بھیجا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں 27 اکتوبر سے 4 نومبر تک فون اور لینڈ لائن سروس کو معطل رکھے۔اس سے قبل بھی مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی پابندیوں پر حکومت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کافی نکتہ چینی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
26 اکتوبر مقبوضہ جموں و کشمیر کایوم الحاق ہے۔26 اکتوبر1947 کو ریاست جموں و کشمیر کا بھارت کے ساتھ الحاق ہوا تھا۔ یہ الحاق اس وقت کے مہاراجہ ہری سنگھ نے بھارتی حکومت کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت کیا تھا۔لیکن کشمیری کئی برسوں سے اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔مرکزی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر تنظیم نو قانون 2019 کے تحت ریاست کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں، جموں و کشمیر اور لداخ میں تبدیل کردیا ہے۔ریاست کی تقسیم 31 اکتوبر سے نافذالعمل ہوگی۔