سری نگر(ساؤتھ ایشین وائر):
مقبوضہ کشمیر میں نیشنل پنتھرز پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے بھارتی صدر رامناتھ کووند سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے طلبا کا تعلیمی کیریئر بچانے کے لئے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق پنتھرز پارٹی کے سربراہ نے صدر سے مقبوضہ جموں وکشمیر خاص طورپر کشمیر کے پرائیویٹ اور سرکاری اسکول کے طلبا کا، جو چار اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیرمیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے اسکول کے امتحانات میں نہیں بیٹھ سکے، تعلیمی کیریئر بچانے کی مداخلت کی درخواست کی۔
انہوں نے صدر سے کہا کہ خاص طورپر مقبوضہ کشمیر اور جموں کے پونچھ اور ڈوڈہ اضلاع میں تعلیمی ادارے کام بند کرنے پر مجبور ہیں اور صرف صدرکی ہی مداخلت سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے طلبا کا کیریئر اور مستقبل بچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دسویں کلاس کے طلبا بھی امتحانات کی تیاری نہیں کرسکے جس سے وہ اپنے امتحانات میں بیٹھ سکیں۔انہوں نے صدر پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر کے گورنر کو ہدایت دیں کہ وہ طلبا کے مفاد میں جموں وکشمیر کی تمام قیادت اور والدین کی سماجی تنظیموں کی ہنگامی میٹنگ بلائیں۔
انہوں نے صدر سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنائیں جو انتظامیہ کو معمولی تنازعات کو حل کرنے میں مدد کرسکیں۔