سری نگر،ساؤتھ ایشین وائر):
مقبوضہ کشمیر میں ایسے وقت جب سیاستدانوں کی بڑی تعداد زیرحراست ہے اور ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے، مقامی انتخابات (بی ڈی سی الیکشنز)کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی جانب سے بھارتی کے آئین میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے یہ ریاست میں پہلی انتخابی سرگرمی ہو گی۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق پہلے مرحلے میں 24 اکتوبر کو دیہی علاقوں کے 310 بلاکس میں پنچائیت کونسل (بی ڈی سی الیکشنز)کے انتخابات کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ووٹوں کی گنتی انتخابات کے روز ہی ہو گی۔
ریاست کے تقریبا ًتمام نمایاں سیاستدان دو ماہ سے حکومتی حراست میں ہیں ۔حزب اختلاف کے رہنماؤں نے ان انتخابات کو جعل سازی اور جمہوریت کے ساتھ مذاق قرار دیا ہے۔ حزب اختلاف کے رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ ریاست میں سیاسی خلا کی وجہ سے کشمیریوں کا بھارت پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔
ان انتخابات میں پینتھرزپارٹی کے علاوہ صرف بی جے پی اور اس کی حلیف جماعت جے ڈی(یو) کی مقامی قیادت ہی حصہ لے رہی ہے۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق پانچ بڑی سیاسی جماعتوں۔ نیشنل کانفرنس ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ، کانگریس ، پیپلز کانفرنس اور سی پی ایم نے انتخاب کے عمل سے خود کو الگ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔جس وجہ سے بی جے پی اور آزاد امیدواروں کے مابین براہ راست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
ان انتخابات میں آزاد کشمیر کی ایک خاتون آصفہ تبسم میربھی حصہ لے رہی ہیں۔
پنچ اور سرپنچ مقامی پنچایتی انتخابات کے لئے انتخابی کالج تشکیل دیتے ہیں اور وہ بھی انتخابات لڑنے کے اہل ہوتے ہیں۔
ساؤتھ ایشین وائر نے اپنی ایک رپورٹ میں ان انتخابات کے حوالے سے مکمل اعدادو شمار کا اجمالی خاکہ پیش کیاہے:
٭… مقبوضہ جموں و کشمیر میں بلاکس (جسے یونین کونسل کہا جاسکتا ہے)کی کل تعداد 316 ہے جن میں جموں ڈویژن میں 148، وادی کشمیر میں137 اورلداخ ڈویژن میں31 بلاک ہیں۔
٭…مقبوضہ جموں و کشمیر310 بلاکس میں پولنگ ہو رہی ہے۔جن میں کل ووٹرز 26629 ہیں۔
٭…جموں ڈویژن میں رائے دہندگان کی تعداد18015 ، وادی کشمیر 7029 ، اور لداخ ڈویژن میں 1585ہے۔
٭…کل 1382 کاغذات نامزدگی داخل کئے گئے جن میں جانچ پڑتال کے بعد 1092امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دئے گئے ۔
٭…جموں میں 751 ، وادی کشمیر میں515 اور لداخ ڈویژن میں 116 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی صحیح قرار پائے۔
٭…انتخاب لڑنے والے آزاد امیدواروں کی تعداد 853 جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی تعداد 239 ہے۔
٭…27 امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ1065امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں ۔