ورلڈ کپ: جنوبی افریقا کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو 190 رنز سے شکست
پونے: ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو 190 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت میں جاری عالمی کرکٹ کپ کے 32 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو کامیابی کے لیے 358 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں کیوی ٹیم 36.3 اوورز میں صرف 167 اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کے بیٹر گلین فلپس نے 60 رنز بنائے جب کہ اوپننگ بیٹر ڈیون کانوے صرف 2 رنزبنا سکے۔ ان کے علاوہ ولینگ نے 33، رچن روندرا نے 9، کپتان ٹام لیتھم 4 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل نے 24، مچل سینٹنر نے 7، ٹم ساؤتھی نے بھی 7، جیمز نیشم صفر رنز پر آؤٹ ہوئے جب کہ ٹرینٹ بولٹ نے صرف 9 رنز بنائے۔
ساؤتھ افریقا کے کیشو مہاراج نے نیوزی لینڈ کے 4 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر جانے کی راہ دکھائی۔ مارکو جینسن نے 3، جیرالڈ کوٹزے نے 2 وکٹیں لیں۔ ان کے علاوہ کیگیسورباڈا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں جنوبی افریقا نے پہلے اننگ کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں صرف 4 وکٹیں گنوا کر 357 رنز بنائے تھے۔