بھارت کے ہر دلعزیز مزاحیہ اداکار 74 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
مسکراہٹیں بکھیرنے والے بھارت کے عالمی شہرت یافتہ اداکار ستیش شاہ مقامی اسپتال میں دوران علاج انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی وی اور فلم انڈسٹری میں یکساں طور پر مقبول 74 سالہ ستیش شاہ کے گردے ناکارہ ہوگئے تھے اور وہ ڈائیلیسس پر تھے۔
ممبئی میں پیدا ہونے والے ستیش شاہ کے فلمی سفر کی شروعات 1970 کی دہائی میں ہوئی اور انہوں نے 250 سے زائد فلموں میں کام کیا جب کہ ڈراما سیریل کی تعداد بھی کہیں زیادہ ہے۔
ستیش شاہ گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے شدید بیمار تھے۔ طبیعت بگڑنے پر انھیں اسپتال منتقل کیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ان کی موت نے اسکرین پر سب کو ہنسانے والا دوست چھین لیا۔ اُن کی مسکان، چٹکلے اور برجستہ اداکاری مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔
ہم آپ کے ہیں کون، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، میں ہوں ناں، کل ہو نہ ہو اور کبھی خوشی کبھی غم جیسی عالمی شہرت یافتہ فلموں میں کام کیا۔
یاد رہے کہ بھارت میں مزاحیہ کردار نبھانے والے یہ دوسرے بڑے اداکار کی موت کی اندہناک خبر ہے۔ چند روز قبل ہی قہقہوں کے شہنشاہ اسرانی بھی اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ گئے۔