امریکی آئینی حدود تسلیم، ٹرمپ نے 2028 میں صدارتی الیکشن سے باہر رہنے کا اعلان
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی آئین کی حدود کو تسلیم کرتے ہوئے 2028 میں صدارتی دوڑ سے باہر ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دوسری بار امریکا کے صدر منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ میں تیسری مدت کےلیے صدارتی الیکشن نہیں لڑسکتا، امریکی آئین پڑھیں تو واضح ہے کہ مجھے تیسری مدت کیلئے الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں۔
ٹرمپ نے ماضی میں کہی گئی بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے کہا تھا کہ تیسری مدت کےلیے الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہوں، تاہم امریکی آئین اس کی اجازت نہیں دیتا۔
امریکی آئین صدر کو 2 مدت تک محدود کرتا ہے جبکہ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت جاری ہے، نئی ترمیم کے ذریعے تبدیلی کافی پیچدہ معاملہ ہے، جس میں ریاستوں اور کانگریس کی حمایت درکار ہوگی۔
دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ روکی اور پاکستان کے فیلڈ مارشل بہترین فائٹر ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیول میں ای پیک اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عظیم انسان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کیلئے جوکر رہا ہوں اس پر فخر ہے، ہم نے بہت سی جنگیں روکیں، جنگیں روکنا پوری دنیا کے لئے فائدہ مند ہے۔