افغان طالبان نے جارحیت دکھائی تو پی ٹی آئی پاکستان کیساتھ کھڑی ہوگی، بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ اگر کوئی ملک پراکسی یا پھر براہ راست جنگ لڑے گا، پاکستان کے ہر ایک انچ کا دفاع کیا جائے گا اور اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستانیوں کی طرح پاکستان تحریک انصاف بھی پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ اگر افغانستان نے کسی قسم کی جارحیت دکھائی تو پاکستان کو حق دفاع حاصل ہے، ہمارے پاس صلاحیت اور وسائل، دونوں موجود ہیں۔یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہم بھارت کیخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے تھے، اگر ایسی صورتحال دوبارہ ہوئی تو افغانستان ہمارے لیے زیادہ مختلف نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بہترین مفاد میں یہ ہے کہ ہم اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ پر امن حالات میں رہیں، تاہم، افغانستان کا معاملہ کشیدہ ہے، افغان طالبان کی پورے ملک میں رِٹ قائم نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے مزید کہا کہ شاہد ترکیہ میں ہونے والے مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکیں گے، ہمیں دوبارہ مذاکرات کے لیے کوشش کرنی چاہیے جب تک یہ معاملہ حل نہیں ہو جاتا، دوست ممالک کو ساتھ ملا کر افغان طالبان کو سمجھانا چاہیے۔