طاقتور سمندری طوفان ملیسا نے کیریبین کے جزیرہ نما ملک جمیکا میں تباہی مچادی
سانتیاگو : طاقتور سمندری طوفان ملیسا نے کیریبین کے جزیرہ نما ملک جمیکا میں تباہی مچادی، بدھ کو یہ طوفان مشرقی کیوبا میں داخل ہوا اور وہاں سانتیاگو شہر کو تباہ کردیا جبکہ دیہی علاقے زیر آب آگئے۔
امریکی نیشنل ہریکین سینٹر (این ایچ سی ) کے مطابق، ملیسا کیٹیگری 5 کا سمندری طوفان تھا، جس کی رفتار جمیکا سے ٹکراتے وقت 185 میل ( 298 کلومیٹر ) فی گھنٹہ تھی، لیکن جب یہ کیوبا پہنچا تو یہ کیٹیگری 3 کے طورفان میں بدل گیا اور اس کی رفتار کم ہوکر 120 میل ( 193 کلومیٹر ) فی گھنٹہ ہوچکی تھی۔
اس تاریخی طوفان نے مغربی جمیکا کو تہس نہس کر دیا، گھر مسمار ہوگئے، درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور سڑکیں بہہ گئیں۔ حکام نے تاحال ہلاکتوں کی تفصیلات جاری نہیں کیں لیکن جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
عینی شاہدین اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ گاڑیاں ملبہ گرنے سے تباہ ہو گئیں، ہوٹلوں کے دروازے اکھڑ گئے اور چھتیں اڑ کر محلوں میں بکھر گئیں، مونٹیگو بے کے ہوائی اڈے کی ویڈیو میں پانی میں ڈوبے علاقے، ٹوٹے ہوئے شیشے اور گرے ہوئے چھت کے حصے دکھائے گئے۔
 
				