پاکستان

ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 36 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان

اسلام آباد:۔ ستمبر کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 36 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست پر نیپرا میں سماعت ممبر پنجاب آمنہ احمد کی سربراہی میں ہوئی۔

سی پی پی اے کے مطابق، ستمبر میں بجلی کی قیمت میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ سماعت کے دوران بتایا گیا کہ اکتوبر میں صارفین کو 8 پیسے فی یونٹ کمی پہلے ہی دی جاچکی ہے، جب کہ ستمبر کی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری کی صورت میں ملک بھر کے صارفین کو ساڑھے 4 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔

سی پی پی اے حکام نے وضاحت کی کہ بجلی کی زیادہ قیمتوں کے باعث صنعتی شعبے میں کھپت کم رہی، اسی وجہ سے حکومت صنعتوں کو خصوصی پیکیج دے رہی ہے تاکہ کھپت میں اضافہ کیا جا سکے۔ مزید بتایا گیا کہ سولرائزیشن کے باعث دن کے وقت بجلی کی کھپت 15 ہزار میگاواٹ رہی، جب کہ رات کے اوقات میں کھپت 21 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی۔

 ستمبر میں پن بجلی کی پیداوار 8 ہزار میگاواٹ کے تخمینے کے مقابلے میں صرف 4 ہزار میگاواٹ رہی، جس کے باعث فرنس آئل پاور پلانٹس کو زیادہ استعمال کرنا پڑا۔ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں فرنس آئل پلانٹس 6 فیصد زیادہ چلے ، تاہم انہیں صرف پیک آورز کے دوران استعمال کیا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ کے-الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے بجلی فروخت کرنے پر اگست میں 8 ارب روپے سے زائد اضافی لاگت آئی۔ صارفین کی جانب سے تھرکول بلاک ٹو سے کوئلہ فراہمی اور ریلوے لائن منصوب کے حوالے سے سوالات بھی اٹھائے گئے۔سی پی پی اے حکام نے وضاحت کی کہ ریلوے لائن کی تکمیل کے بعد کوئلہ صرف لکی سیمنٹ کو نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے دستیاب ہو گا، جس سے سیمنٹ، مائنز اور دیگر صنعتی شعبوں کو فائدہ پہنچے گا۔

نیپرا کے مطابق، فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی گئی ہے اور اتھارٹی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔فیصلے کی منظوری کی صورت میں کے-الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین کو یہ ریلیف ملے گا۔

  • ویب ڈیسک

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button