واشنگٹن:امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ریاستہائے متحدہ کی 2 مسلم ارکان پارلیمان الہان عمر اور راشدہ طلیب کو امریکا سے نکال دینا چاہیے اور جہاں سے وہ آئی ہیں انھیں واپس بھیج دیا جانا چاہیے۔
کانگریس کی ان2 ڈیموکریٹک اراکین نے ٹرمپ کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے تھے۔
ٹرمپ کے خطاب کے دوران، فلسطینی نژاد امریکی راشدہ طلیب اور صومالی نژاد امریکی الہان عمر نے ٹرمپ کی غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق امیگریشن پالیسی پر تنقید کی تھی، راشدہ طلیب نے چیخ کر کہا تھا، آپ سب سے بدعنوان صدر ہیں۔
ٹرمپ نے دوسرے دن اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر لکھا کہ دونوں مسلم قانون سازوں نے “ٹیڑھے اور بدعنوان سیاست دانوں” جیسا برتائو کیا ہے جنہیں امریکا سے نکال دیا جانا چاہیے۔
ٹرمپ نے دونوں مسلم ارکان پارلیمان کو کم آئی کیو والی ذہنی طور پر بیمار قرار دیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ جب لوگ اس طرح کا برتائو کر سکتے ہیں اور یہ جانتے ہوئے کہ وہ بدعنوان سیاست دان ہیں، ہمارے ملک کے لیے بہت برا ہے، تو ہمیں انہیں جلد از جلد واپس بھیج دینا چاہیے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ (الہان عمر اور راشدہ طلیب) صرف امریکا کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، وہ اس کی مدد کے لیے کچھ نہیں کر سکتیں۔
الہان عمر اور راشدہ طلیب ڈیموکریٹک قانون سازوں کے ایک چھوٹے گروپ میں شامل تھے جنہوں نے منگل کو ٹرمپ کی تقریباً دو گھنٹے کی تقریر کے دوران احتجاج کیا۔
ٹرمپ نے اپنی تقریر کے دوران قانون سازوں سے کہا کہ امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) جیسے وفاقی حکام کے ساتھ تعاون نہیں کرنے والی ریاستوں کو ختم کر دینا چاہیے۔ ٹرمپ کے اس تبصرہ پر عمر اور طلیب نے چیخ کر کہا کہ “تم نے امریکیوں کو مار ڈالا ہے!”
الہان عمر نے بعد میں سوشل میڈیا پر لکھا کہ “میں نے وہی کہا جو میں نے کہا،مجھے ٹرمپ کو یاد دلانا تھا کہ ان کی انتظامیہ میرے پارلیمانی حلقے میں 2 افراد کے قتل کی ذمہ دار ہے”۔
امریکی کانگریس میں فلسطینی نژاد پہلی خاتون راشدہ طلیب نے بعد میں سوشل میڈیا پر مسلم ارکان پارلیمان کو نشانہ بنائے جانے کو لے کر ٹرمپ پر تنقید کی اور لکھا ہیش ٹیگ PresidentMajnoon۔ واضح رہے مجنون ایک عربی لفظ ہے جس کے معنی پاگل یا جنونی کے طور پر ہوتا ہے۔
واضح رہے، اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران جب کچھ ہنگامہ آرائی جاری رہی۔
ٹرمپ نے اعلان کیا کہ “آپ کو اپنے آپ پر شرم آنی چاہیے۔” بعد میں، انھوں نے ڈیموکریٹس کی طرف اشارہ کیا اور کہا، “یہ لوگ پاگل ہیں۔”
الہان عمر اور راشدہ طلیب کے علاوہ ڈیموکریٹک ریپبلک ال گرین کو ٹرمپ کے خطاب کے شروع میں چیمبر سے لے جایا گیا۔ جب انھوں نے احتجاج کا ایک نشان لہرایا جس پر لکھا تھا “سیاہ فام لوگ بندر نہیں ہیں!”۔
یہ ٹرمپ کی پوسٹ کردہ نسل پرستانہ ویڈیو کا واضح حوالہ تھا جس میں سابق صدر براک اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما کو جنگل میں چمپینزی کے طور پر دکھایا گیا تھا۔