پاکستان

صہیونیت انسانیت کیلیے خطرہ، پاکستان کو گھیرنے کی سازش ناکام بنانا ہوگی، وزیر دفاع

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ صہیونی نظریہ ریاست عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے ۔ عالم اسلام پر مسلط کی جانے والی بیشتر جنگوں کے پس منظر میں یہی سوچ کارفرما دکھائی دیتی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل کے قیام کے بعد سے مسلم دنیا کو مسلسل عدم استحکام کا سامنا رہا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت پر صہیونی اثرات دہائیوں سے محسوس کیے جا رہے ہیں اور بڑی طاقتیں بھی اس دباؤ سے آزاد نہیں۔

انہوں نے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کو ملکی خودمختاری کی ضمانت قرار دیتے ہوئے اُن سائنس دانوں اور قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک کو دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنایا۔

وزیر دفاع نے خطے کی حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے مذاکرات پر آمادگی کے باوجود اس پر جنگ مسلط کی گئی اور اس سارے منظرنامے میں ایسے عناصر سرگرم ہیں جو اسرائیلی اثر و رسوخ کو پاکستان کی سرحدوں تک لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ افغانستان، ایران اور بھارت کے بعض حلقے پاکستان کو غیر مستحکم دیکھنے کے خواہاں ہو سکتے ہیں، اس لیے قوم کو سیاسی و مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان کے دشمن ملک کو چاروں طرف سے گھیرنے اور اسے کمزور ریاست میں تبدیل کرنے کے درپے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم دنیا باہمی اختلافات بھلا کر متحد ہو اور اپنے مشترکہ دشمنوں کو پہچانے۔  انہوں نے فلسطین کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button