قطر کا دراندازی کرنے والے 2 ایرانی طیارے مار گرانے کا اعلان
مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے دوران خلیجی خطے میں تناؤ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ قطر نے دعویٰ کیا کہ اس کی فضائیہ نے اپنی حدود میں دراندازی کی کوشش کرنے والے ایران کے 2 جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔
قطری وزارت دفاع کے مطابق یہ دفاعی کارروائی انتباہ کے باوجود پیش قدمی جاری رکھنے پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی ساختہ سوخوئی ایس یو-24 طیارے قطری فضائی حدود کے قریب پہنچ رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ حکام کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے 7 بیلسٹک میزائل اور 5 ڈرون بھی فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے ۔
قطر نے اس اقدام کو اپنی خودمختاری کے دفاع کا حق قرار دیتے ہوئے ایران کی کارروائی کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز عمل قرار دیا ہے۔
دوسری طرف ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مؤقف اختیار کیا کہ ملک کو اپنی علاقائی سالمیت کے تحفظ کا مکمل اختیار حاصل ہے، خصوصاً ایسے حالات میں جب اسے بیرونی حملوں کا سامنا ہو۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں خطے میں غیر معمولی کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔ ان حملوں میں ایران کی اعلیٰ قیادت کو نقصان پہنچایا گیا ہے، جس کے بعد ایران نے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے کی سیاسی قیادت اور عالمی طاقتیں حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں کیونکہ معمولی غلطی بھی وسیع تر جنگ کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔