اسلام آباد: ممکنہ ایران اور امریکا مذاکرات کے دوسرے دور کے حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں وفد کی آمد کی خبروں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے ریڈ زون میں داخلہ بدستور بند ہے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹیوں پر فوری طور پر پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ شہر کے حساس علاقوں میں نگرانی مزید بڑھا دی گئی ہے،ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس سمیت پبلک ٹرانسپورٹ بھی معطل کر دی گئی ہے جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اس سے قبل حکومت کی جانب سے ممکنہ مذاکرات کے پیش نظر ریڈ زون میں موجود سرکاری دفاتر بند رکھنے اور بیشتر عملے کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی تھی، جبکہ ریڈ زون میں ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت بھی محدود کر دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی آج اسلام آباد پہنچیں گے، جس کی ایرانی میڈیا نے بھی کی ہے۔ ان کی آمد کو ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،ایرانی وفد کے بعد امریکی وفد کی بھی پاکستان آمد کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے سرکاری سطح پر ابھی تک مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔