ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ملک بھر میں 11 مئی تک شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

ملک کے مختلف حصوں میں آج سے 11 مئی تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو غیر معمولی موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کئی علاقے شدید حدت کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے متعدد اضلاع خصوصاً دادو، شہید بینظیرآباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر جبکہ بلوچستان کے علاقے سبی، تربت اور پنجگور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ ہوگی جس کے باعث روزمرہ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ادھر جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان اور ڈیرہ غازی خان سمیت ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے جہاں پارہ 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان علاقوں میں دن کے اوقات میں گرم اور خشک ہوائیں چلنے کا امکان بھی موجود ہے۔

بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور سیالکوٹ میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب ساحلی شہر کراچی میں نسبتاً کم مگر غیر معمولی گرم موسم برقرار رہنے کی توقع ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ سمندری ہواؤں کے باوجود شہر میں حبس اور گرمی کی شدت محسوس کی جائے گی۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سخت دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، جسم میں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور بزرگوں اور بچوں کو خصوصی طور پر گرمی سے محفوظ رکھنے کے انتظامات کیے جائیں، آئندہ دنوں میں گرمی کی یہ لہر صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں