اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔
ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 مئی کو کراچی میں ہوگا جس کی صدارات چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے۔
زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں طلب کیے گئے ہیں، 17 مئی کو چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی۔
ادھرماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند 17 مئی کی رات 1 بجکر 1 منٹ پر پیدا ہوگا، کل شام چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔
ماہرین فلکیات کاکہنا تھاکہ موسم صاف ہونے کی صورت میں کل چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔