ٹیکساس: وائٹ ہاؤس کی جانب سے متعارف کرائی گئی متنازع ویب سائٹ Aliens.gov نے امریکی امیگریشن پالیسی اور سرکاری اعداد و شمار پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) نے ملک بھر کے 12 ہزار سے زائد شہروں اور قصبوں میں تقریباً 5 لاکھ افراد کو گرفتار کیا، تاہم اسی ڈیٹا میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ گرفتار شدگان میں 700 سے زائد امریکی شہری شامل تھے۔
ابتدائی طور پر اس ویب سائٹ کے نام اور ویڈیو “They Walk Among Us” کے باعث سوشل میڈیا پر یہ تاثر بھی بنا کہ یہ کسی غیر معمولی یا UFO طرز کے اعلان سے متعلق ہے، تاہم بعد میں واضح ہوا کہ اسے امیگریشن نفاذ کی کارروائیوں کو اجاگر کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
ویب سائٹ کے اعداد و شمار پر مزید سوالات اس وقت اٹھے جب مختلف رپورٹس میں سامنے آیا کہ بعض مقامات پر گرفتار تمام افراد امریکی شہری تھے، جبکہ کئی کیسز میں کوئی واضح فوجداری الزام درج نہیں تھا۔ پورٹو ریکو کو بھی بعض جگہوں پر غلط طور پر غیر ملکی علاقہ ظاہر کیا گیا، حالانکہ وہاں کے باشندے امریکی شہری ہوتے ہیں۔
بعد ازاں وائٹ ہاؤس نے وضاحت دی کہ ابتدائی ڈیٹا میں کچھ غیر متعلقہ کیسز شامل ہو گئے تھے، جس کے بعد ڈیٹا میں نظرثانی کی گئی اور مجموعی گرفتاریوں کی تعداد میں بڑی کمی ظاہر ہوئی۔
انسانی حقوق کی تنظیموں اور امیگریشن پالیسی پر نظر رکھنے والے اداروں نے ان اعداد و شمار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، جبکہ حکومتی مؤقف کے مطابق ویب سائٹ کا مقصد عوام کو امیگریشن نفاذ کی کارروائیوں سے آگاہ کرنا ہے۔