این سی سی آئی کی رابعہ سٹی میں کارروائی۔- 3 کمپنیاں غیرملکی کلائنٹس کے لیے کام کرتی تھیں
کراچی میں فحش کارٹون بنانے والی کمپنیوں پر چھاپہ-42 افراد گرفتار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے رابعہ سٹی میں کارروائی کرتے ہوئے آن لائن پورنوگرافک اینیمیشن اور فریب پر مبنی سوشل میڈیا سرگرمیوں میں ملوث 3 کمپنیوں پر چھاپہ مار کر 42 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق کراچی زون کی جانب سے کی جانے والی اس کارروائی کا ہدف تین ایسی کمپنیاں تھیں جو مبینہ طور پر غیر ملکی صارفین کو فحش کارٹون اینیمیشنز، پورنوگرافک ڈیجیٹل مواد اور دیگر ڈیجیٹل ڈیزائننگ کی خدمات کی تیاری، فروغ اور آن لائن فروخت میں ملوث تھیں۔ آپریشن کے دوران کمپنی کے مالکان اور ملازمین سمیت 42 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ مزید تکنیکی جانچ اور ڈیجیٹل فارنزک تجزیے کے لیے 41 موبائل فونز بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ کمپنیاں آن لائن ایجنٹس کی منظم ٹیموں کے ذریعے کام کر رہی تھیں جو انسٹاگرام اور ٹوئٹر جیسے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے غیر ملکی صارفین سے رابطہ کرتی تھیں۔ بین الاقوامی کلائنٹس کو راغب کرنے کے لیے فرضی شناخت، خواتین کے ناموں اور جعلی پروفائلز کا استعمال کیا جاتا تھا جن کے ذریعے لوگو ڈیزائننگ، بینرز، ڈیجیٹل عکاسی، اینیمیشنز اور جنسی طور پر واضح کارٹون پورنو گرافی کی خدمات کی تشہیر کی جاتی تھی۔
تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ ایک کمپنی فدا حسین کی ملکیت ہے جو تقریباً 2 سال سے کام کر رہی تھی اور اس سے 19 موبائل فون ضبط کیے گئے۔ دوسری کمپنی کا مالک مبینہ طور پر دانش ہے جو 4 افراد کے عملے کے ساتھ سرگرم تھی اور اس سے 5 موبائل فون قبضے میں لیے گئے، جبکہ تیسری کمپنی محسن اور احسان چلا رہے تھے جو 17 اراکین کے عملے پر مشتمل تھی اور اس سے 17 موبائل فون ضبط کیے گئے۔ این سی سی آئی اے حکام کے مطابق مشتبہ سرگرمیوں کا احاطہ کرنے کے لیے ضبط شدہ موبائل فونز کو فارنزک جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے تاکہ گرفتار افراد کے انفرادی کردار کا تعین کیا جا سکے۔