پاکستان کا ایوی ایشن ڈویژن ون چائنا پالیسی پر عمل کر رہا ہے اور پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت صرف مین لینڈ چین کی ایئرلائنز کو دی گئی ہے۔خواجہ آصف
چین کی حمایت میں پاکستان نے تائیوانی ایئرلائن کو فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا
اسلام آباد: پاکستان نے چین کی ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتے ہوئے تائیوان کی ایئرلائنز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ اقدام اپنی نوعیت کا پہلا قرار دیا جا رہا ہے۔
دفاعی وزیر خواجہ آصف نے بدھ کو بلومبرگ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایوی ایشن ڈویژن ون چائنا پالیسی پر عمل کر رہا ہے اور پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت صرف مین لینڈ چین کی ایئرلائنز کو دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تائیوان کی فضائی کمپنیوں چائنا ایئرلائنز اور ایوا ایئرویز نے 25 اکتوبر کی صبح سے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال بند کر دیا ہے۔ پروازوں کی نگرانی کرنے والے اعداد و شمار کے مطابق ان کمپنیوں کی ایشیا اور یورپ کے درمیان کم از کم 12 پروازیں اب روس کے راستے سے گزر رہی ہیں۔
پاکستان کا یہ فیصلہ چین کی اپنی پالیسی سے بھی زیادہ سخت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ مین لینڈ چین تائیوان کی ایئرلائنز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے۔