عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے فوائد جلد عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،وفاقی وزیر پیٹرولیم کی پریس کانفرنس
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر اضافہ ہونا تھا جو نہیں کیا گیا۔مقامی ریفائنریز کے تعاون سے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کا ممکنہ اضافہ بھی روک دیا گیا ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے فوائد جلد عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستانی معیشت پر بھی مرتب ہوئے ہیں، تاہم حکومت محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعظم کی اولین ترجیح ملکی وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے عام صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ حکومت مشکل معاشی حالات میں مہنگائی سے متاثرہ عوام کو ہر ممکن سہولت دینے کے لیے کوشاں ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے کہاکہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے حالیہ ٹینڈرز میں مختلف چیلنجز کے باعث قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کے پریمیم میں اضافے سے بھی قیمتوں پر دباؤ بڑھا ہے۔حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور ٹرانسپورٹیشن میں حائل رکاوٹوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے اور خریداری کے عمل میں شفافیت لا کر اخراجات کم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول پر دی جانے والی خصوصی رعایت سے 13 ملین سے زیادہ صارفین مستفید ہورہے ہیں۔موٹر سائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو عالمی بحران سے پہلے والی قیمت پر پیٹرول فراہم کیا جائے گا تاکہ بین الاقوامی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عام صارفین پر کم سے کم پڑے۔حکومت محدود مالی وسائل کے باوجود مخصوص طبقات کو ہدف بنا کر ریلیف فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔وزیراعظم کی ہدایت پر مقامی ریفائنریز کے ساتھ مل کر پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا فارمولا تیار کیا گیا ہے۔پی ایس او کے ٹینڈرز میں شفافیت کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں اضافی پریمیم کو کنٹرول کیا گیا ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے طریقہ کار کو بہتر بنا کر اخراجات میں کمی لائی جا رہی ہے۔
علی پرویز ملک کے مطابق مقامی ریفائنریز کو خام تیل کی دستیابی کے بعد ریکارڈ منافع حاصل ہوا ہے، جبکہ انہی ریفائنریز کے تعاون سے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کے ممکنہ اضافے کو روکنے میں بھی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے مداخلت جاری رکھے ہوئے ہے اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے ثمرات جلد صارفین تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہاکہ ملک میں پیٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی قیمتوں کو مدنظر رکھنا ناگزیر ہے۔حکومت نے ملک میں ایندھن کی قلت پیدا ہونے سے روکنے کے لیے متوازن قیمتوں کا تعین کیا ہے تاکہ سپلائی کا نظام متاثر نہ ہو اور صارفین کو پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی میں مشکلات پیش نہ آئیں۔
علی پرویز ملک کے مطابق بین الاقوامی تنازعات کے نتیجے میں توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پیدا ہونے والے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔مقامی ریفائنریز نے حج پیکیج اور ایوی ایشن فیول کی پرانی قیمتوں پر فراہمی بھی یقینی بنائی ہے۔حکومت عالمی سطح پر توانائی کے بحران اور مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔