پی ٹی آئی کے سینیئر رہنماؤں اسد قیصر اور بیرسٹر گوہر نے ملاقات، وائرل تصاویر کے پیچھے کی کہانی
عاطف خان کی بھتیجی کی شادی میں جنرل باجوہ لڑکے والوں کی طرف سے آئے
اسلام آباد کے ایک بڑے ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی عاطف خان کی بھتیجی کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوه سمیت ملکی سیاسی و پارلیمانی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران سابق آرمی چیف کی پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
اطلاعات کے مطابق اس تقریب میں چیئرمین سینیٹ، اسپیکر پنجاب اسمبلی سمیت حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے۔ لڑکے والوں کی طرف سے شادی میں شرکت کرنے والے جنرل (ر) قمر باجوہ سے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنماؤں اسد قیصر اور بیرسٹر گوہر نے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ تقریب میں شیری رحمٰن، نیئر بخاری، پرویز خٹک، فواد چوہدری، اسد عمر اور عمران اسماعیل سمیت دیگر اہم سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔
دوسری جانب پارٹی ذرائع سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے وکیل سلمان صفدر کی ہونے والی ملاقات کا اندرونی احوال بھی سامنے آیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت کے خاتمے پر ذرا بھی افسوس کا اظہار نہیں کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ صوبائی حکومت اب ایک بوجھ بن چکی تھی اور اس کی روزمرہ کی شکایات نے انہیں پہلے ہی کافی تنگ کر رکھا تھا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے یہاں تک کہا کہ جس نے بھی یہ حکومت گرائی ہے، اس نے ان پر کوئی ظلم نہیں بلکہ احسان کیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ آنے والے دنوں میں بانی پی ٹی آئی سے 2 مزید ملاقاتوں کا امکان ہے، جن میں آئندہ کا اہم سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا، جبکہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔