مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے 750 بستروں پر مشتمل طبی ادارے کی پیش رفت کا جائزہ لیا، جلد فعال بنانے کی ہدایت
سرینگر/وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے جمعرات کو کہا کہ اے آئی آئی ایم ایس اونتی پورہ میں جلد ہی 100 ایم بی بی ایس طلباء کی کلاسیں شروع کی جائیں گی، جبکہ مریضوں کے لیے آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی) کی خدمات بھی عنقریب شروع ہوں گی۔
مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا کے اے آئی آئی ایم ایس اونتی پورہ کے دورے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا کہ مرکزی وزیر نے ادارے میں جاری تعمیراتی اور دیگر کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ مرکزی وزیر صحت نے، جنہوں نے اس سے قبل یہاں 50 ایم بی بی ایس نشستوں کا اعلان کیا تھا، اب 100 طلباء کی کلاسیں جلد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سکینہ ایتو نے کہا کہ اے آئی آئی ایم ایس اونتی پورہ میں او پی ڈی خدمات شروع ہونے سے وادی کشمیر کے مریضوں کو بڑی راحت ملے گی، کیونکہ اس وقت جدید طبی علاج کے حصول کے لیے مریضوں کو طویل مسافت طے کرکے دوسرے علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے اس اہم طبی ادارے کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرنے پر مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گزشتہ دو برسوں کے دوران متعدد بار اس منصوبے کا دورہ کیا ہے اور وہ خود بھی ان کے ہمراہ رہی ہیں، تاکہ اے آئی آئی ایم ایس کی تعمیر جلد مکمل ہو اور اسے فعال بنا کر وادی میں طبی سہولیات کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔