گوگل میپس کا نیا فیچر، دوسرے شہر پہنچتے ہی خوش آمدید

گوگل میپس نے اپنے صارفین کیلیے دوسرے شہروں میں بھی رہنمائی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نیا اے آئی فیچر صارف کے ایئر پورٹ پہنچتے ہی خوش آمدید کہے گا۔

گوگل نے اپنے مقبول نیوی گیشن پلیٹ فارم ’گوگل میپس‘ میں ایک نئی سہولت متعارف کرانے کی تیاری کرلی ہے، جس کے ذریعے دوسرے شہروں کا سفر کرنے والے صارفین کو نئی جگہوں پر راستوں کی رہنمائی اور مقامی معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

فون ایرینا کی کے مطابق مصنوعی ذہانت پر مبنی یہ فیچر خصوصاً ان افراد کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتا ہے جو پہلی مرتبہ کسی شہر کا رخ کرتے ہیں اور وہاں کے راستوں، اہم مقامات اور سفری سہولتوں سے واقف نہیں ہوتے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق، اس نئی سہولت کے تحت جب کوئی صارف کسی نئے شہر کے ہوائی اڈے پر پہنچے گا تو گوگل میپس کی جانب سے اسے ایک خوش آمدیدی پیغام موصول ہوسکتا ہے۔

اس پیغام میں صارف کو گوگل میپس کے ’آسک میپس‘ فیچر سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جائے گی، جس کے ذریعے وہ اپنے اردگرد موجود مقامات اور نئے شہر سے متعلق مختلف سوالات کے جواب حاصل کرسکے گا۔

یہ سہولت گوگل کے مصنوعی ذہانت کے ماڈل جیمنائی پر مبنی ہوگی، جو صارفین کے سوالات کو سمجھ کر انہیں متعلقہ معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس طرح کسی اجنبی شہر میں پہنچنے والے افراد محض نقشے پر راستہ تلاش کرنے کے بجائے اپنی منزل تک پہنچنے، قریبی مقامات کی شناخت اور مقامی سہولتوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرسکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق، اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے گوگل میپس کے نئے ورژن میں اس فیچر کے آثار سامنے آئے ہیں۔ ابتدائی طور پر دنیا کے تقریباً 90 شہروں میں واقع ہوائی اڈوں پر اس سہولت سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، تاہم اس فہرست میں فی الحال پاکستان کا کوئی شہر شامل نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گوگل نے ’آسک میپس‘ فیچر مارچ 2026 میں متعارف کرایا تھا۔ اس کی مدد سے صارفین نقشے سے متعلق عام سرچ کے بجائے براہ راست سوالات پوچھ سکتے ہیں اور اپنی منزل، سفر کے راستوں، قریبی کاروباری مراکز اور دیگر مقامی مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

گوگل کی اس نئی پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی اپنے میپس پلیٹ فارم کو محض راستوں کی نشاندہی کرنے والی ایپلی کیشن کے بجائے ایک ایسے ذہین سفری معاون میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے جو کسی نئے شہر میں پہنچنے سے لے کر وہاں گھومنے پھرنے تک صارفین کی رہنمائی کرسکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں