سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، خط
آئزن کوٹ کی نیتن یاہو کو ایران پر حملے سے گریز کی وارننگ
تل ابیب میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ہے جہاں حکومت سازی کے لیے نامزد رہنما اور سابق آرمی چیف گادی آئزن کوٹ نے نگران وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو خبردار کیا ہے کہ اقتدار کی منتقلی کے حساس مرحلے میں ایران کے خلاف کوئی خطرناک فوجی کارروائی نہ کی جائے۔
میڈیا رپورٹس اور دستیاب دستاویزات کے مطابق گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کو خط لکھ کر زور دیا ہے کہ وہ احتیاط اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جنہیں نئی حکومت کے قیام تک مؤخر کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی فوری اور براہِ راست خطرے کے بغیر سکیورٹی فورسز کو کارروائی کے لیے استعمال کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ آئزن کوٹ نے خبردار کیا ہے کہ سیاسی انتقالِ اقتدار کے دوران اہم سکیورٹی فیصلے اسرائیلی جمہوریت اور سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بیان ان خبروں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نیتن یاہو ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے خواہاں ہیں،تاہم اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زامیر کو اس پر تحفظات ہیں۔ اسرائیلی چینل 12 کے مطابق فوجی قیادت کو خدشہ تھا کہ ایران کے خلاف کشیدگی بڑھنے سے 27 اکتوبر کے انتخابات متاثر ہوسکتے ہیں۔ آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کے دفتر پر الزام عائد کیا ہے کہ اسے باقاعدہ سکیورٹی بریفنگز فراہم کرنے کا انتظام نہیں کیا گیا، اور انہوں نے اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا سے مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے انٹیلی جنس جائزوں تک مسلسل رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب نیتن یاہو کے حامیوں نے اس تنقید کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش قرار دیا ہے۔
اسرائیلی پارلیمنٹ کی 120 نشستوں میں سے گادی آئزن کوٹ کو 67 ارکان کی حمایت حاصل ہے، تاہم یہ حمایت 6 مختلف نظریاتی جماعتوں پر مشتمل ہے جس میں عرب سیاسی جماعتیں بھی شامل ہیں۔ نیتن یاہو کے حمایت یافتہ ارکان کی تعداد صرف 46 رہ گئی ہے۔ آئزن کوٹ نے چار یہودی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر اقلیتی حکومت بنانے کا منصوبہ پیش کیا ہے، تاہم سابق وزیر دفاع ایوگڈور لائبرمین نے عرب جماعتوں کی حمایت پر انحصار کرنے والی حکومت میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے۔
یاد رہے کہ 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد صدر اسحاق ہرزوگ نے 8 نومبر کو گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ آئزن کوٹ کے پاس حکومت بنانے کے لیے 28 دن ہیں، اور ضرورت پڑنے پر انہیں مزید 14 دن کی مہلت بھی مل سکتی ہے۔ نئی حکومت کی تشکیل تک نیتن یاہو نگران وزیراعظم کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔