اہم بیان، حوثی حملوں کی مذمت، دفاعی تعاون بڑھانے کا عزم۔
سعودی عرب اور حرمین شریفین کا دفاع پاکستان کی اولین ترجیح ہے،احمد شریف چودھری
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ایک مؤقر عرب اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان موجودہ خطرات کے تناظر میں سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان برادر اسلامی ملک کو دفاعی مقاصد کے لیے فوجی اہلکار، عسکری صلاحیتیں، پیشہ ورانہ تربیت اور لاجسٹک معاونت فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوجی دستے پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف نوعیت کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں، جن میں دفاعی معاونت، مشترکہ فوجی مشقیں اور تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پر ہونے والے حالیہ حملوں کے بعد مکہ دفاعی اتحاد کی ذمہ داریوں پر عملی پیش رفت کا آغاز ہو چکا ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب کے مختلف شہروں، ہوائی اڈوں اور شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے والے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی جانب داغے جانے والے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی کامیابی سے تباہ کر دیے۔ سعودی سول ڈیفنس کے بیانات کے مطابق میزائلوں کے ٹکڑے مکہ مکرمہ کے نواحی علاقوں صبوحہ گاؤں (جو مسجد الحرام سے تقریباً 35 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے) اور وادی المغمس (جو مسجد الحرام سے تقریباً 21 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے) کے مقامات پر گرے۔ سعودی حکام نے اس کارروائی کا الزام حوثی ملیشیا پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادی اور مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
خطے کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں ہونے والی ملاقات کا بنیادی مقصد خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ایک مؤثر لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان خطے میں مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام متعلقہ فریقین نے علاقائی امن و استحکام کے قیام کے لیے باہمی مکالمے اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔