این ویڈیا کے حصص کو بڑا دھچکا،قیمت کا ہدف 500 سے 200 ڈالر کر دیا گیا

اے آئی کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سرمائے کے اخراجات میں اضافے کی شرح 40 فیصد یا اس سے بھی کم ہو سکتی ہے۔

November 12, 2026 · امت خاص

این ویڈیا کے حصص کو بڑا دھچکا،قیمت کا ہدف 500 سے 200 ڈالر کر دیا گیا

این ویڈیا کے حصص کو بڑا دھچکا،قیمت کا ہدف 500 سے 200 ڈالر کر دیا گیا

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کو ایک اور دھچکا لگا ہے، جہاں مالیاتی ادارے بیرڈ نے کمپنی کے حصص کی درجہ بندی کم کرتے ہوئے قیمت کا ہدف 500 ڈالر سے گھٹا کر 200 ڈالر کر دیا ہے۔ تجزیہ کاروں نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی رفتار سست ہونے اور کمپنی کی قیادت سے متعلق غیر یقینی صورتحال کو اہم خدشات قرار دیا ہے۔

بیرڈ کے تجزیہ کار ٹرسٹن گیرا کے مطابق ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر اور اے آئی انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی رفتار 2027 میں توقعات سے کم رہ سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اے آئی کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سرمائے کے اخراجات میں اضافے کی شرح 40 فیصد یا اس سے بھی کم ہو سکتی ہے۔

بیرڈ نے این ویڈیا کے حصص کی درجہ بندی کم کرکے نیوٹرل کر دی ہے، جبکہ مورگن اسٹینلے نے بھی کمپنی کو اپنی ترجیحی حصص کی فہرست سے نکال دیا ہے۔

دوسری جانب این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کی ذاتی زندگی سے متعلق سامنے آنے والے تنازع نے بھی کمپنی کی قیادت کے مستقبل پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ایک رپورٹ میں ان کے مبینہ طور پر چین سے تعلق رکھنے والی خاتون سے تعلقات کے الزامات کا ذکر کیا گیا ہے، تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

جینسن ہوانگ نے اتوار کو ملازمین کے نام خط میں ازدواجی تعلقات سے باہر تعلق کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر پورا نہیں اتر سکے اور کمپنی، بورڈ، شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ بورڈ کے مطابق فی الحال اسے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ امریکی قومی سلامتی یا کمپنی کی خفیہ ٹیکنالوجی کو نقصان پہنچا ہے، تاہم تمام دستیاب معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ معاملہ امریکی سیاست میں بھی زیر بحث ہے۔ ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور اور انٹیلی جنس کمیٹیوں کے ارکان نے جینسن ہوانگ سے 18 نومبر تک بریفنگ دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مبینہ جاسوسی اور امریکی جدید ٹیکنالوجی تک ممکنہ رسائی کے خدشات کا جائزہ لیا جا سکے۔

ٹیکنالوجی تجزیہ کار ڈین آئیوز نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ جینسن ہوانگ کو چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان 15 فیصد ہے۔ ان کے مطابق اگر ایسا ہوا تو این ویڈیا کی کمپنی اور حصص کی قدر میں 25 سے 30 فیصد تک کمی کا خدشہ ہو سکتا ہے۔

حصص بازار میں بدھ کے روز این ویڈیا کے حصص میں 2.92 فیصد اضافہ ہوا اور قیمت 173.73 ڈالر پر بند ہوئی، تاہم اس سے ایک روز قبل حصص میں 5 فیصد کمی ہوئی تھی۔ کمپنی کے حصص رواں سال اب تک تقریباً 8 فیصد نیچے ہیں۔

این ویڈیا کے لیے اگلا اہم مرحلہ 16 نومبر کو سامنے آئے گا، جب کمپنی اپنی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج جاری کرے گی۔ سرمایہ کاروں کی توجہ اب ان نتائج اور کمپنی کی قیادت سے متعلق صورتحال پر مرکوز ہے

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں