علاقائی تعاون کا فروغ، ایرانی وزیر خارجہ سمیت اعلیٰ وفود پہنچ گئے، نائب وزیراعظم کریں گے صدارت
اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی ایک جھلک
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اہم اجلاس آج منعقد ہو رہا ہے، جس میں علاقائی تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، ترکیہ، آذربائیجان اور قازقستان کے نائب وزرائے خارجہ سمیت دیگر اعلیٰ سطحی وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ، شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو بھی دارالحکومت پہنچنے والوں میں شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس اور سرکاری دستاویزات کے مطابق اجلاس کے دوران ‘ای سی او وژن 2035’ کا ڈرافٹ باضابطہ منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جبکہ اسلام آباد اعلامیہ کی منظوری کا بھی قوی امکان ہے۔ پاکستان اس اجلاس میں ای سی او تجارتی معاہدے پر بامعنی بات چیت کو آگے بڑھائے گا اور ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ فریم ورک کو موثر بنانے کے لیے تجاویز پیش کرے گا۔ معاہدوں پر عمل درآمد سے خطے میں تجارتی رکاوٹیں کم ہونے کی توقع ہے۔
اجلاس کے افتتاحی سیشن سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار خطاب کریں گے جبکہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ اس موقع پر رکن ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ، توانائی کے شعبے میں تعاون اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے امور زیر بحث آئیں گے۔ اجلاس کے بعد مہمان وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے۔