مارگلہ کے دامن میں اسلام آباد کرکٹ اسٹیڈیم کی لاگت پونے 17 ارب پر پہنچ گئی

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اسلام آباد کرکٹ اسٹیڈیم کے منصوبے کا نظرثانی شدہ پی سی ون منظور کرلیا

November 16, 2026 · امت خاص

مجوزہ اسلام آباد اسٹیڈیم کی خیالی تصویر

مجوزہ اسلام آباد اسٹیڈیم کی خیالی تصویر

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی یعنی سی ڈی اے نے اسلام آباد کرکٹ اسٹیڈیم کے نظرثانی شدہ پی سی ون کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے تحت دونوں پیکیجز کے لیے منصوبے کی تخمینہ لاگت 11 ارب 90 کروڑ روپے سے بڑھا کر 16 ارب 70 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ اس لاگت میں گرے اسٹرکچر، فنشنگ اور الیکٹریکل ورکس سمیت تمام امور شامل ہیں۔

ایک سی ڈی اے افسر نے انگریزی معاصر کو بتایا کہ دونوں مرحلوں کے لیے نظرثانی شدہ پی سی ون مکمل کر لیے گئے ہیں اور انہیں منظوری کے لیے جلد آنے والے سی ڈی اے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی لاگت جو پہلے ایک غیر منظور شدہ پی سی ون میں 11 ارب 90 کروڑ روپے تخمینہ لگائی گئی تھی، اضافی اجزا کی شمولیت کے بعد بڑھ کر 16 ارب 70 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔ ان اضافی اجزا میں گرے اسٹرکچر، فنشنگ، لائٹنگ، ہیٹنگ، وینٹیلیشن اور ایئر کنڈیشنگ سسٹمز، گراؤنڈ اور پچز کی تیاری اور سیکیورٹی کیمرہ سسٹم شامل ہیں۔ سی ڈی اے افسر کا کہنا تھا کہ پہلے والے پی سی ون میں شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش 25 ہزار رکھی گئی تھی تاہم رواں سال کے آغاز میں جب سی ڈی اے نے تجاویز طلب کیں تو گنجائش بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نظرثانی شدہ پی سی ون میں کئی دیگر اجزا بھی شامل کیے گئے ہیں۔

منصوبے کے تحت اسٹیڈیم کو 2 مرحلوں میں تعمیر کیا جائے گا اور سی ڈی اے کا ہدف پورا منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کرنا ہے۔ گرے اسٹرکچر اور روڈ نیٹ ورک کے لیے بڈنگ کا عمل پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے اور پہلے مرحلے یعنی گرے اسٹرکچر کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا جسے 6 ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔

ایک اور سی ڈی اے افسر کے بقول کہ پی سی ون کی منظوری کے بعد اتھارٹی دوسرے مرحلے کے لیے بھی ٹینڈرنگ کا عمل شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ پورے منصوبے پر مشتمل دونوں مرحلے ایک سال کے اندر مکمل کر لیے جائیں۔

حال ہی میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد 10 دن کے اندر رکھ دیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے اشارہ دیا ہے کہ پاکستان مجوزہ اسلام آباد اسٹیڈیم میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کے کچھ میچز کی میزبانی کر سکتا ہے۔ پی سی بی عہدیدار کا کہنا تھا کہ اگر اسلام آباد اسٹیڈیم کا منصوبہ وقت پر مکمل ہو گیا تو ہم 2028 میں خواتین کے ورلڈ کپ کے کچھ میچز دارالحکومت میں منعقد کریں گے۔

سی ڈی اے کے مطابق اسٹیڈیم میں شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش 35 ہزار ہوگی جو اسے پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم بنائے گی۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ یہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم جیسا ہوگا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں