460سال پرانا اکبری دروازہ کھول دیا گیا، اصل کہانی سامنے آگئی

لاہور: تاریخی ورثے سے محبت کرنے والے پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے کہ لاہور قلعے کا قدیم اکبری دروازہ 200 سال بعد کھول دیا گیا۔

460سال قبل مغل شہنشاہ جلال الدین محمد اکبر کے دور حکومت میں تعمیر ہونے والا قدیمی اکبری دروازہ کسی زمانے میں لاہور کے اندرون شہر اور شاہی قلعے کے درمیان ایک اہم راستے کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس دروازے سے عام شہریوں، تاجروں اور شاہی وفود کی آمد و رفت ہوتی تھی، تاہم 200 سال قبل برطانوی دور حکومت میں اسے بند کر دیا گیا تھا۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے اس تاریخی اثاثے کی اصل فنِ تعمیر کے مطابق بحالی کا اہم منصوبہ 2023 میں شروع کیا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق مغل دور میں یہ دروازہ 1566 عیسوی میں قائم کیا گیا جو عام شہریوں، تاجروں اور شاہی وفود کی آمدورفت کے لیے اہم ترین راستہ ہوا کرتا تھا۔

اس کی بحالی کے کام کی تکمیل کے بعد اب سیاح اور شہری اس تاریخی مغل فنِ تعمیر کا قریب سے نظارہ کرسکیں گے۔

دروازے کی بڑی لکڑی کی ساخت کی مرمت میں مغل طرز تعمیر کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور تاریخی نقش و نگار کی حفاظت کیلیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔

مرمت کے دوران دیواروں پر پلستر کی تہوں کے نیچے صدیوں پرانی فریسکو پینٹنگز بھی دریافت ہوئیں، جنہیں بحال کرکے محفوظ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ صحن میں قدیم نکاسی آب کا نظام بھی سامنے آیا، جسے منصوبے کا حصہ بناتے ہوئے محفوظ رکھا گیا۔

واضح رہے کہ اکبری دروازے کی دوبارہ بحالی اور افتتاح سے سیاحوں کو لاہور قلعے میں داخلے کے ایک قدیم راستے کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔

یہ اہم پیش رفت نہ صرف لاہور کے مغل دور کے ورثے کو محفوظ بنانے کی کوشش ہے بلکہ شہر کی تاریخ سے نئی نسل کو روشناس کرانے کا بھی ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں