شائع
اپ ڈیٹ
بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریا ونشی نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنی دھواں دار بیٹنگ سے کرکٹ کی دنیا کو حیران کردیا، انہوں نے محض 28 گیندوں پر سنچری اور 52 گیندوں پر ڈبل سنچری کرکے لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
دوحہ میں کھیلے جانے والے گروپ ’بی‘ کے اہم مقابلے میں متحدہ عرب امارات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے۔
مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لیے بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز ویبھو سوریا ونشی اور ابھیشک شرما نے کیا، بھارت کا مجموعی اسکور 68 رنز پر پہنچا تو ابھیشک شرما 12 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
108 کے مجموعی اسکور پر پرابشیمران سنگھ تین رنز بنا کر زاہد علی کی گیند پر وکٹ کیپر آفتاب عالم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سوریا ونشی کی جارحانہ بیٹنگ، نیا ریکارڈ
ہدف کے تعاقب میں ویبھو سوریا ونشی نے ابتدا ہی سے یو اے ای کے بولرز کو دباؤ میں رکھا، انہوں نے صرف 16 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور پھر محض 28 گیندوں پر سنچری بنا کر آسٹریلوی بلے باز جیک فریزر میک گرک کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 29 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
سوریا ونشی نے یو اے ای کے خلاف صرف 52 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کر کے لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
سوریا ونشی نے اپنی طوفانی اننگز کے دوران 53 گیندوں پر ناقابلِ شکست 204 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 28 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے، جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 384.90 رہا۔
اس کارکردگی کے ساتھ سوریا ونشی نے نیوزی لینڈ کے چاڈ بووز کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2023 میں لسٹ اے کرکٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف 103 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی تھی۔
سوریا ونشی نے ایک اننگز میں 28 چھکے لگا کر بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل لسٹ اے کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ 23 چھکے لگانے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے ڈارسی شارٹ کے پاس تھا۔
بھارتی نوجوان بلے باز نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے نہ صرف تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ توڑا بلکہ 40 گیندوں پر 150 رنز مکمل کرکے لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین 150 رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
بھارت کی جانب سے رنکو سنگھ 27 رنز اور کمار ایک رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بھارت نے سوریا ونشی کی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے مطلوبہ ہدف 14.2 اوورز میں پورا کر لیا۔
یو اے ای کی جانب سے زاہد علی، ابرار احمد اور باسل حمید نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تو آرائنش شرما اور انش ٹنڈن نے اننگز کا آغاز کیا۔ یو اے ای کی ٹیم آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہو گئی، اس کی پہلی وکٹ صرف دو 9 کے مجموعی اسکور پر گری، آرائنش شرما دو رنز بنا کر ہرشیت رانا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اسکور میں مزید 18 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ انش ٹنڈن بھی آؤٹ ہو گئے وہ ارشد خان کا شکار بنے۔ تیسری وکٹ محمد شہزاد کی گری، اس وقت یو اے ای کا مجموعی اسکور 91 ہوا تھا، وہ 28 رنز بنا سکے۔
151 کے مجموعی اسکور پر ایتھن ڈی سوزا 25 رنز بنا کر شہباز احمد کی گیند پر ہرشیت رانا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اسکور میں مزید تین رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ آفتاب عالم کی وکٹ بھی گر گئی وہ صرف دو رنز بنا سکے، وہ ارشد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
یو اے ای کی جانب سے ہرپریت سنگھ نے شاندار بیٹنگ کی انہوں نے 144 گیندوں پر چار چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 130 رنز بنائے انہیں ارشد خان نے بولڈ کیا۔
باسل حمید 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، یو اے ای نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے اور بھارت اے کو جیت کے لیے 250 رنز کا ہدف دیا۔ جو بھارت نے 15 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
بھارت کی جانب سے ارشد خان چار وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر رہے، ہرشیت رانا، سورنش، ہرش ڈوبے اور شہباز احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ویبھو سوریا ونشی کے دیگر بڑے کارنامے
ویبھو سوریا ونشی کم عمری میں ہی اب تک کئی غیر معمولی ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔
آئی پی ایل میں کم عمر ترین سنچری میکر: 2025 میں راجستھان رائلز کی جانب سے گجرات ٹائٹنز کے خلاف صرف 14 سال کی عمر میں 35 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 38 گیندوں پر 101 رنز بنائے۔
آئی پی ایل کی دوسری تیز ترین سنچری: ان کی 35 گیندوں کی سنچری آئی پی ایل کی تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری تھی۔

ٹی ٹوئنٹی میں 32 گیندوں پر سنچری: نومبر 2025 میں ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں یو اے ای کے خلاف 42 گیندوں پر 144 رنز بنائے، جس میں 11 چوکے اور 15 چھکے شامل تھے۔
نوجوان بھارتی ٹی ٹوئنٹی سنچری میکر: 14 سال اور 232 دن کی عمر میں بھارت اے کی نمائندگی کرتے ہوئے سنچری بنائی۔
انڈر 19 کرکٹ میں 171 رنز: دسمبر 2025 میں یو اے ای کے خلاف انڈر 19 ایشیا کپ میں 95 گیندوں پر 171 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور 14 چھکے شامل تھے۔
انگلینڈ کے خلاف 143 رنز: انگلینڈ کے خلاف انڈر 19 ون ڈے میں 78 گیندوں پر 143 رنز بنا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ویبھو سوریا ونشی نے انتہائی کم عمر میں اپنی جارحانہ بیٹنگ اور ریکارڈ ساز کارکردگی سے عالمی کرکٹ میں اپنی الگ پہچان بنا لی ہے۔ یو اے ای کے خلاف ان کی تازہ اننگز نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ یہ نوجوان بلے باز غیر معمولی صلاحیتوں کا مالک ہے۔
