ایرانی کرنسی تاریخ کی کم ترین سطح پر، ایک ڈالر 30 لاکھ ریال کے قریب پہنچ گیا


ایرانی اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر تقریباً 29 لاکھ 90 ہزار ریال میں فروخت ہوا


شائع

فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

ایران کی کرنسی ریال امریکی ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ایک ڈالر کی قیمت 30 لاکھ ریال کے قریب آ گئی ہے۔

ایران کی کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک کئی دہائیوں کی بدترین مہنگائی کا سامنا کر رہا ہے۔ اس کی بڑی وجوہات میں گزشتہ 9 ماہ سے جاری ایران جنگ، امریکی پابندیوں میں سختی اور بالخصوص اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہفتے کو ایرانی اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر تقریباً 29 لاکھ 90 ہزار ریال میں فروخت ہوا، جبکہ جمعے کو اس کی قیمت 29 لاکھ 38 ہزار ریال تھی۔

اگست میں ایرانی ریال کی کیا قیمت تھی؟

ایرانی کرنسی اگست میں بھی ریکارڈ کمی کا شکار ہوئی تھی، جب ایک امریکی ڈالر کی قیمت 20 لاکھ ریال سے تجاوز کر گئی تھی۔ اس وقت جولائی میں سالانہ مہنگائی کی شرح 66 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔ ڈالر کی قیمت 30 لاکھ ریال کے قریب پہنچنا ایرانی معیشت پر بڑھتے ہوئے دباؤ اور کرنسی مارکیٹ میں عدم استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔

خیال رہے امریکا نے رواں سال جولائی میں ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر دی تھی، جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں ٹاسک فورس آئرن گیٹ کے قیام کا اعلان کیا، جس کا مقصد ایران کی زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپین کے راستے ہتھیاروں اور پابندیوں کی زد میں آنے والے سامان کی نقل و حرکت محدود کرنا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے رواں ہفتے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے بعد اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کی معیشت شدید مشکلات سے دوچار ہے اور اس کے رہنما پریشان ہیں۔ ان پابندیوں کا مقصد ایران کو عالمی معیشت سے مزید الگ تھلگ کرنا اور اس کے غیررسمی بینکاری نظام کو متاثر کرنا ہے۔

دوسری جانب ایرانی مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی نے ہفتے کو کہا کہ ملک کے پاس بنیادی اشیائے ضروریہ اور ادویات کی درآمدات کے لیے آئندہ کئی ماہ تک کافی زرمبادلہ موجود ہے۔

سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کی مارکیٹ صرف معاشی بنیادی عوامل سے متاثر نہیں ہوتی بلکہ توقعات اور سیاسی صورتحال جیسے نفسیاتی عوامل بھی اس پر اثرانداز ہوتے ہیں۔حکومت مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران میں شہری اپنی بچت کو کرنسی کی قدر میں مزید کمی سے محفوظ رکھنے کیلیے امریکی ڈالر، دیگر غیرملکی کرنسیوں اور سونے کی خریداری کر رہے ہیں، جس سے زرمبادلہ کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ایران میں مہنگائی کی صورتحال

ایران کے شماریاتی مرکز کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں صارفین کی قیمتیں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 88.7 فیصد بڑھ گئیں، جبکہ سالانہ اوسط مہنگائی کی شرح 76.8 فیصد تک پہنچ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اشیائے خورونوش اور مشروبات کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر 112.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے عام شہریوں کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں