شائع
اپ ڈیٹ
قطر کے دارالحکومت دوحا میں ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ بی کے مقابلے میں پاکستان نے نیپال کو 96 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی پوری ٹیم صرف 72 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نیپال کی جانب سے 169 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے میان یادیو اور کوشل بھرتل نے اننگز کا آغاز کیا، پاکستان کو پہلی کامیابی جلد ہی مل گئی، نیپال کا پہلا کھلاڑی پانچ رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوا، کوشل بھرتل ایک رنز بنا کر محمد عمران کی گیند پر معاذ صداقت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
13 کے مجموعی اسکور پر دوسری وکٹ دیو کھنل کی گری، انہوں نے 8 رنز بنائے اور محمد عمران کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
نیپال کے اسکور میں مزید دو رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ اس کی تیسری وکٹ ایشان پانڈے کی گری، وہ بغیر کوئی رنز بنائے محمد حسنین کی گیند پر وکٹ کیپر روحیل نذیر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
15 کے مجموعی اسکور پر ہی نیپال کا چوتھا کھلاڑی آؤٹ ہوا، لوکیش بھی بغیر کوئی رنز بنائے محمد حسنین کی گیند پر حیدر علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
نیپال کی پانچویں وکٹ 31 کے مجموعی اسکور پر گری، باسر احمد 11 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر معاذ صداقت کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔
50 کے مجموعی اسکور پر چھٹی وکٹ گری، پاون سراف بغیر کوئی رنز بنائے رن آؤٹ ہوئے۔ اسکور میں مزید ایک رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ ساتویں وکٹ بھی گر گئی، راشد خان بھی بغیر کوئی رنز بنائے سفیان مقیم کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
نیپال کا اسکور 58 ہوا تو اس کی آٹھویں وکٹ نندن یادو کی گری وہ بھی کوئی رنز نہ بنا سکے اور سفیان مقیم کا شکار بنے۔
مجموعی اسکور میں صرف ایک رنز کا اضافہ ہوا تو نیپال کی نویں وکٹ 59 کے مجموعی اسکور پر گری، سندیپ بھی کوئی رنز نہ بنا سکے وہ سفیان مقیم کی گیند پر احمد دانیال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ نیپال کا آخری کھلاڑی 72 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوا، میان یادیو معاذ صداقت کی گیند یر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے وہ 41 اسکور کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم اور محمد حسنین نے تین تین جبکہ محمد عمران نے دو اور سفیان مقیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شامل حسین اور معاذ صداقت نے کیا، پاکستانی ٹیم آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہو گئی، 6 کے مجموعی اسکور پر شامل حسین 6 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کے اسکور میں مزید 24 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ معاذ صداقت بھی 13 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
36 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ گری، حیدر علی 15 رنز بنا کر راشد خان کا شکار بنے، پاکستان کی چوتھی وکٹ عبدالصمد کی گری اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 65 ہوا تھا، عبدالصمد 13 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
65 کے اسکور پر ہی فرحان یوسف بغیر کوئی رنز بنائے، وہ لمیچانے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ 88 کے مجموعی اسکور پر حسن نواز 28 رنز بنا کر گوتھم کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کا اسکور 158 پر پہنچا تو احمد دانیال 16 رنز پر راشد خان کی گیند پر پانڈے کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے، راشد خان کی اگلی ہی گیند پر سفیان مقیم بغیر کوئی رنز بنائے بولڈ ہو گئے۔
پاکستان کے آخری وکٹ 168 کے مجموعی اسکور پر گری، محمد حسنین 4 رنز بنا کر گوتھم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے روحیل نذیر 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان اے کی پوری ٹیم 42 اوورز میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور نیپال اے کو 169 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
نیپال کی جانب سے راشد خان کامیاب بولر رہے ہیں انہوں نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ابھیشیش گوتھم نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سندیب اور کوشال بھرتیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے پاکستان نے اپنے تمام گروپ میچ جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے 27 نومبر کو ہو گا جبکہ پہلے سیمی فائنل میں 26 نومبر کو بھارت اور سری لنکا آپس میں ٹکرائیں گے۔
