جی ٹی اے 6 : ایک غلطی سے مقبول ترین ویڈیو گیم کیسے بنا؟ دلچسپ کہانی

ویڈیو گیم کی ایک ایسی تکنیکی خرابی جسے درست تو کیا جانا تھا لیکن وہ تاریخ کی ایک بڑی کامیابی کی بنیاد بن گئی، جسے جی ٹی اے 6 کا نام دیا گیا۔

دنیا بھر میں ویڈیو گیمز کے شوقین افراد کی نظریں مشہور گیم سیریز ’گرینڈ تھیفٹ آٹو‘(جی ٹی اے) کے چھٹے حصے پر لگی ہوئی ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کی مقبول ترین گیمز میں شمار ہونے والی جی ٹی اے دراصل ایک تکنیکی غلطی کے نتیجے میں وجود میں آئی تھی؟

اگر گیم بنانے والی ٹیم اس غلطی کو درست کردیتی تو شاید آج جی ٹی اے کی تاریخ ہی مختلف ہوتی۔ اس کہانی کا آغاز 1995 میں اسکاٹ لینڈ کے شہر ’ڈینڈی‘ سے ہوا، جہاں ایک چھوٹی سی گیم ڈویلپمنٹ کمپنی ڈی ایم اے ڈیزائن ایک نئی ویڈیو گیم تیار کررہی تھی۔

گیم کا پہلا نام کیا تھا 

اس گیم کا نام ’ریس اینڈ چیز‘ رکھا گیا تھا۔ اس کا بنیادی تصور سادہ تھا، جس میں کھلاڑی کو پولیس یا چور کا کردار ادا کرتے ہوئے گاڑیاں دوڑانا تھیں۔

تاہم گیم کی تیاری کے دوران کوڈنگ میں ایک تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی، جس کے باعث پولیس کی گاڑیاں معمول کے مطابق سڑکوں پر چلنے کے بجائے کھلاڑی کی گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے اسے ٹکر مارنے لگیں۔

ابتدا میں اس خرابی کو دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا، لیکن جب گیم کے ٹیسٹرز نے اسے آزمایا تو انہیں پولیس کی گاڑیوں کا یہ غیر متوقع اور جارحانہ رویہ زیادہ دلچسپ لگا۔

یہیں سے گیم کی پوری سمت بدل گئی، ٹیم نے فیصلہ کیا کہ اس تکنیکی غلطی کو ختم کرنے کے بجائے اسی کو گیم کا بنیادی حصہ بنایا جائے۔

اب گیم کا اصل لطف پولیس سے بچ کر فرار ہونے اور شہر کی سڑکوں پر گاڑیاں دوڑانے میں تھا۔ بعد ازاں اسی تصور کو وسعت دے کر گیم کا نام ’گرینڈ تھیفٹ آٹو‘رکھ دیا گیا۔

وقت گزرنے کے ساتھ ڈی ایم اے ڈیزائن ترقی کرتے ہوئے راک اسٹار نارتھ کے نام سے معروف ہوگئی اور جی ٹی اے دنیا کی کامیاب ترین ویڈیو گیم سیریز میں شامل ہوگئی۔

جی ٹی اے سیریز کا پانچواں گیم

جی ٹی اے فائیو سال 2013 میں ریلیز ہوا، جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔ گیم نے ریلیز کے ابتدائی تین دنوں میں ایک ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کی، جبکہ اب تک اس کی 23 کروڑ سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔

گیم کا چھٹا حصہ 13سال بعد

اب جی ٹی اے 6 بھی سامنے آچکا ہے، جس کی قیمت تقریباً 80 ڈالر بتائی جارہی ہے، تاہم پاکستانی شائقین کے لیے اس گیم کا حصول خاصا مہنگا ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ پاکستان میں پلے اسٹیشن 5 (پی ایس 5) کی قیمت ہی تقریباً ڈھائی لاکھ روپے تک پہنچ جاتی ہے۔

یوں ایک ایسی تکنیکی خرابی جسے ابتدا میں درست کیا جانا تھا، ویڈیو گیمز کی تاریخ کی ایک بڑی کامیابی کی بنیاد بن گئی، اب دیکھنا یہ ہے کہ جی ٹی اے 6 اپنے سابقہ حصوں کی مقبولیت اور کامیابی کے ریکارڈ توڑ پاتی ہے یا نہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں