سری نگر (ساؤتھ ایشین وائر):
مقبوضہ کشمیر میں حکومت نے مختلف اضلاع میں لوگوں کے لئے بلا معاوضہ فلموں کی نمائش کا فیصلہ کیا ہے ، جہاں عرصے سے سینما گھر بند ہیں۔
منگل کو کشمیر ڈویژنل کمشنر بصیر احمد خان نے ساؤتھ ایشین وائر سے گفتگومیںکہا کہ حکومت بہت جلد ہر ضلع میں عوام کے لئے مختلف قسم کی فلموں کی نمائش شروع کردے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ مختلف سینماؤں میں جاکر بلا معاوضہ فلمیں دیکھ سکتے ہیں۔بچوں ، کھیلوں ، ثقافت اور دیگر دستاویزی فلموں پر مبنی فلموں کو کشمیر ڈویژن کے ہر ضلع میں منتخب آڈیٹوریم میں دکھایا جائے گا۔ عام لوگ اپنے اضلاع میں مفت میں فلمیں دیکھ سکتے ہیں
سری نگر کے ایک رہائشی کے مطابق سوائے سری نگر کے نیلم تھیٹر کے ڈویژن کے کسی بھی ضلع میں کوئی فلم تھیٹر کام نہیں کررہا ہے ۔مقبوضہ کشمیرمیں1989 کے بعد سے سینما گھر بندہیں۔
کشمیر کے ڈویژنل کمشنر نے ایک اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ ان فلموں کی نمائش کے لئے مناسب انتظامات کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈی آئی پی آر)ہر ضلع میں فلم کی نمائش کے سلسلے میں لوگوں میں بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کرے گا۔
یہ فیصلہ کشمیر کے ڈویژنل کمشنر کی زیرصدارت ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں سرینگر ، پلوامہ ، گاندربل اور بانڈی پورہ کے چار اضلاع کے ڈپٹی کمشنراور پولیس اورسول انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں کے ایک ایک رکن شریک تھے
